وفاقی حکومت کے سینئر افسران کا نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس 2026-27 کیلئے انتخاب شروع

Nov 13, 2025 | 22:22:PM
وفاقی حکومت کے سینئر افسران کا نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس 2026-27 کیلئے انتخاب شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک)بیوروکریسی کے سینئر افسران کا نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس 2026-27 کیلئے انتخاب شروع کیا گیا ہے،  نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد میں اگست 2026 سے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کا آغاز کیا جائے گا، جس کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے افسران کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا ہے۔

 اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم میں تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اہل افسران کے نام 25 نومبر 2025 تک بھجوائیں، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS)، پولیس سروس آف پاکستان (PSP) اور سیکریٹریٹ گروپ کے افسران کی نامزدگی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کرے گی، جبکہ دیگر سروسز یا گروپس کے افسران کے نام متعلقہ وزارتیں یا محکمے ارسال کریں گے۔ کسی محکمے یا خود مختار ادارے کی براہِ راست بھیجی گئی نامزدگی قابلِ قبول نہیں ہو گی، کورس کے لیے وہ افسران اہل ہوں گے جو گریڈ 20 یا اس کے مساوی مستقل طور پر تعینات ہوں، ترقی کے زون میں شامل ہوں، اور 15 اگست 2026 تک ان کی عمر 55 سال سے زائد نہ ہو، نامزدگی سینیارٹی، اعلیٰ تعلیمی قابلیت، اور تازہ میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر کی جائے گی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ کورس میں صنفی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا، اور کم از کم 6 سے 8 خواتین افسران کی نامزدگی کی جائے، جبکہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کم از کم 4 خواتین افسران کی شمولیت یقینی بنائے گی، وہ افسران جو بیرونِ ملک تعینات ہیں، طویل رخصت پر ہیں یا جن کے خلاف انضباطی کارروائی جاری ہے، ان کی نامزدگی نہیں کی جائے گی۔ تاہم ایسے افسران جن کے خلاف کارروائی ایک سال سے زائد عرصے سے زیرِ التواء ہے، ان پر غور کیا جا سکتا ہے۔ نامزدگی کے ساتھ تفصیلی بائیوڈیٹا، سروس پروفارما، سینئرٹی لسٹ، میڈیکل رپورٹ اور ڈسپلنری کلیئرنس سرٹیفکیٹ منسلک کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کورس فیس دو لاکھ انہتر ہزار چار سو باسٹھ روپے فی کس مقرر کی گئی ہے۔ وفاقی سروسز کے افسران کی فیس اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ادا کرے گی، جبکہ صوبائی حکومتوں اور خود مختار اداروں کے افسران کی فیس ان کے اپنے ادارے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کو ادا کریں گے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کے مطابق کورس کے آغاز سے 15 روز قبل کسی افسر کو کورس سے واپس بلانے کی اجازت صرف انتہائی ناگزیر حالات میں ہی دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: 35ویں نیشنل گیمز  کیلئے پنجاب مین ویٹ لفٹنگ ٹیم کی سلیکشن، 52 ویٹ لفٹرز کے ٹرائل