ایران معاملے پرچینی صدر سے بات کروں گا مگر مدد کی ضرورت نہیں:ٹرمپ

امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف کی،بولے پاکستان مذاکراتی عمل میں شاندار رہا،وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل شاندار شخصیات ہیں

May 13, 2026 | 08:53:AM
 ایران معاملے پرچینی صدر سے بات کروں گا مگر مدد کی ضرورت نہیں:ٹرمپ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران معاملے پرچینی صدر سے بات کروں گا مگر مدد کی ضرورت نہیں،ایران کے ساتھ مذاکرات صرف اسی صورت میں آگے بڑھیں گے جب معاہدہ امریکا کے مفاد میں ہو ایران کے فوجی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے جب کہ بندرگاہوں کی ناکہ بندی 100 فیصد مؤثر ہے ۔

صدر ٹرمپ نے دورہ چین سے قبل وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے معاملے میں امریکا کے پاس واضح انتخاب تھا، یا تو ایسے عناصر کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے دیا جائے یا اس عمل کو روکا جائے، انہوں نے کہا کہ جو بھی ایران کو جوہری ہتھیار دینے کے حق میں ہوگا وہ غیر دانش مندانہ سوچ رکھتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ صرف ایک اچھا اور فائدہ مند معاہدہ کرے گا اور اس سے کم کسی چیز کو قبول نہیں کیا جائے گا، ان کے مطابق ایران کا فوجی ڈھانچہ شدید نقصان کا شکار ہے اور تقریباً ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ وہ یہ نہیں بتائیں گے کہ بات چیت کب ختم ہوگی، تاہم ان کے مطابق امریکا ایسے معاہدے کی طرف بڑھ رہا ہے جو امریکی عوام کے لیے فائدہ مند ہوگا، جب کہ ان کے خیال میں اس کے اثرات ایرانی عوام کے لیے بھی مثبت ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایران نے امریکہ کے خلاف بین الاقوامی ثالثی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا

معاشی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ جیسے ہی یہ جنگ ختم ہوگی، تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور اسٹاک مارکیٹ جو پہلے ہی تاریخی سطح پر ہے مزید اوپر جائے گی، انہوں نے سابق صدر جو بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھی، جب کہ موجودہ صورتِ حال میں افراطِ زر نسبتاً کم ہے۔

ٹرمپ نے چین کے صدر شی جن پنگ شی جن پنگ کے حوالے سے کہا کہ وہ ایران کے معاملے میں نسبتاً مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، ان کے مطابق امریکا اور چین کی آئندہ ملاقات میں ایران سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کو ایران کے معاملے میں چین یا کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں ہے اور یا تو ایران درست فیصلہ کرے گا یا پھر امریکا خود معاملہ مکمل کرے گا۔

ان کے مطابق امریکا صرف ایک اچھا معاہدہ چاہتا ہے اور صورتِ حال کا نتیجہ کسی نہ کسی صورت امریکا کے حق میں ہوگا۔

مزید پڑھیں:پیٹرولیم لیوی کا بڑا بوجھ: حکومت نے 9 ماہ میں 12 کھرب روپے سے زائد وصول کرلیے

انہوں نے کہا کہ اصل پیغام بالکل واضح ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

امریکی صدر نے گفتگو کے دوران ایک بار پھر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا ذکر کیا، صدر ٹرمپ نےوزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوبہترین شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذاکراتی عمل میں شاندار رہا۔