شملہ مرچ، ٹماٹر اور آلو کے دور کے کزن" بینگن" کی مزیدار ڈش بنانے کا آسان طریقہ

May 13, 2025 | 14:52:PM
 شملہ مرچ، ٹماٹر اور آلو کے دور کے کزن
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)بینگن ایک مزیدار سبزی ہے جسے جیسے چاہے پکائیں ہر بار ایک مختلف ذائقہ دے گی، چاہے وہ بینگن کے پکوڑے ہوں، بینگن کا بھرتا، آلو بینگن، بینگن کے پراٹھے، بادام جان ہوں یا ان سب کا بادشاہ حیدرآباد کے بگھارے بینگن ان سب خصوصیات کے باوجود کچھ لوگوں کو بینگن ناپسند ہوتے ہیں لیکن اگر بینگن کو بہترین طریقے سلیقے  اور مکمل مصالحوں کے ساتھ  پکایا جائے تو نہ کھانے والے بھی اسے کھا کر انگلیاں چاٹتے دیکھے گئے ہیں، مشرق وسطیٰ کے کھانوں میں یہ جامنی سبزی برصغیر سے زیادہ پسند کی جاتی ہے، تو کیوں نہ آج آپ کو شملہ مرچ، ٹماٹر اور آلو کے دور کے کزن بینگن کی ایک ایسی ڈش بنانا سکھائیں جسے بنا کر اور دوسروں کو کھلا کر آپ کو اپنی تعریف کیلئے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے، جی ہاں یہ ہے حیدرآبادی بگھارے بینگن بنانے کا طریقہ ۔

اجزا؟

1/2 کلو بینگن،کھانے کا چمچ  پسا کھوپرا،کھانے کا چمچ تل،کھانا کا چمچ مونگ پھلی، ایک چائے کا چمچ زیرہ، ایک کھانے کا چمچ ثابت دھنیہ،6 لال ثابت مرچیں، 2 کھانے کے چمچ بیسن، 4 چمچ دہی، 5 کھانے کے چمچ املی کا پلپ،2 درمیانی پیاز، ایک کھانے کا چمچ ادرک لہسن پسا ہوا، آدھا چائے کا چمچ ہلدی، ایک چائے کا چمچ نمک،آدھا کپ آئل،

بگھار کے اجزاء :

آدھا چائے کا چمچ زیرہ،1/4 چائے کا چمچ میتھی دانہ،5 ثابت لال مرچ،1 چائے کا چمچ کلونجی،10 سے 12 کڑی پتے۔

 ترکیب :

پیاز کو چولھے پر رکھ کر چھلکا جلا لیں پھر جلا چھلکا ہٹا کر پیاز دھو کر پیس لیں ۔بینگن کو درمیان سے دو کٹ لگا کر نمک والے پانی میں بھگو دیں ، پانی جھٹک کر بینگن 15 منٹ کیلئے چھلنی میں رکھ دیں۔

ایک فرائنگ پین گرم کرکے اسمیں زیرہ دھنیہ لال ثابت مرچ بھون کر الگ رکھ دیں ،اب اس پین میں باری باری کھوپرا ،مونگ پھلی، تل کو بھون کر الگ کرلیں ۔

پھر بیسن ہلکا سا بھون لیں یہ مصالحے کو بینگن میں بھرنے کے بعد چپکا کر رکھتا ہے ۔

اب تمام بھنے مصالحے پیس لیں ،اب مصالحوں کو پسی پیاز ادرک لہسن اور دہی کے ساتھ مکس کر دیں ، ہلدی نمک بھی مکس کر دیں اور بینگن کے اندر بھر دیں باقی بچے مصالحے کو الگ رکھ دیں

اب ایک پین میں آئل گرم کرکے بینگن ہلکے سے شیلو فرائی کر لیں ،اب اس تیل میں بگھار کے اجزاء ڈالکر کڑکڑا لیں ۔

اب بچا ہوا مصالحہ جو بینگن میں بھرا تھا ڈالکر 1/2 کپ پانی ڈالکر 1 منٹ بھون لیں پھر مذید 1 کپ پانی ڈالکر بینگن ڈال دیں ۔

جیسے ہی بینگن گل جائیں املی کا پلپ ایڈ کرکے 5 منٹ دم لگا دیں ،مزیدار اور چٹخارے دار بگھارے بینگن تیار ہیں، اسے ابلے چاولوں یا چپاتی کے ساتھ سرو کریں ۔