حمیرا اصغر کی رازداری کا احترام کریں، بشریٰ انصاری اور حدیقہ کیانی کی اپیل

Jul 13, 2025 | 11:15:AM
حمیرا اصغر کی رازداری کا احترام کریں، بشریٰ انصاری اور حدیقہ کیانی کی اپیل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اداکارہ حمیرا اصغر کی ذاتی زندگی اور خاندانی معاملات کو عام کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کردی۔
حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے کے ایک  فلیٹ سے ملی تھی جہاں وہ 2018 سے تنہا رہائش پذیر تھیں، پولیس اور ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی لاش تقریباً 10 ماہ پرانی تھی۔
بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں حمیرا اصغر کی افسوسناک موت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر اداکارہ کا خاندان ناراض بھی تھا تو کم از کم ان کے قریبی لوگوں کو ان کے ساتھ رابطے میں رہنا چاہیے تھا، ان سے اتنا بے خبر نہیں ہونا چاہیے تھا،مداح حمیرا کے کردار پر تبصرے اور چغلیاں کرنے سے پرہیز کریں۔


دوسری جانب گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی نے بھی انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے حمیرا اصغر کے خاندانی معاملات کا احترام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے لکھاہے کہ حمیرا نے زندگی بھر اپنی نجی زندگی کو شہرت یا ویوز کے لیے کبھی استعمال نہیں کیا تو اب ان کی وفات کے بعد کیوں ان کے ذاتی معاملات کو بے رحمی سے زیربحث لایا جا رہا ہے؟ خدا کے لیے انہیں سکون سے آرام کرنے دیں۔

یہ بھی پڑھیں:حمیرا اصغر کاآخری انٹرویو،احمد علی بٹ نے وضاحت دے دی

حدیقہ کیانی نے مزید لکھا کہ میں سب سے گزارش کرتی ہوں کہ حمیرا اصغر کی تصاویر اور ذاتی زندگی کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بند کریں، وہ اپنی زندگی میں ان معاملات کو عوام میں زیرِ بحث نہیں لانا چاہتی تھیں تو اب ان کی وفات کے بعد ایسا کیوں کیا جا رہا ہے؟ براہِ کرم ان کی نجی زندگی کا احترام کریں،ریٹنگز کے پیچھے بھاگنے کے بجائے ان کے لیے دعا کریں۔

حدیقہ کیانی نے مزیدکہاکہ جو لوگ ہمدردی کا دعویٰ کرتے ہوئے ان کی ویڈیوز، ریلز اور حتیٰ کہ ان کی تصاویر شیئر کر رہے ہیں وہ دراصل ان کی یاد کا استحصال کر رہے ہیں،ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہیے، ان کی نجی زندگی کا احترام کریں، ان کی روح کو عزت دیں اور ان کے غمزدہ خاندان کے لیے صبر و سکون کی دعا کریں، ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ کی مغفرت کے لیے بھی دعا کی۔