لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد راحیل کامران شیخ کا استعفیٰ تاحال منظور نہ ہوسکا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد راحیل کامران شیخ کے استعفے کی منظوری کا معاملہ تاحال زیر التوا ہے، صدر پاکستان نے 3 ستمبر کو بھجوایا گیا استعفیٰ ابھی تک منظور نہیں کیا۔
دستیاب معلومات کے مطابق جسٹس محمد راحیل کامران شیخ نے آئین کے آرٹیکل 206 کے تحت 3 ستمبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ صدر پاکستان کو بھجوایا تھا، استعفے کی ایک کاپی لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار کو بھی ارسال کی تھی۔
صدر پاکستان کی جانب سے استعفے کی منظوری نہ ہونے کے باعث جسٹس محمد راحیل کامران شیخ کا نام لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر ججز کی فہرست اور سنیارٹی لسٹ میں تاحال موجود ہے، سنیارٹی لسٹ میں جسٹس راحیل کامران شیخ کا نام 27ویں نمبر پر درج ہے۔
ذرائع کے مطابق استعفیٰ بھجوانے کے بعد جسٹس راحیل کامران شیخ لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی فرائض انجام نہیں دے رہے اور عدالت میں بھی نہیں آ رہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر کا انٹرنیٹ کی بحالی کے حوالے سے اہم اعلان
جسٹس محمد راحیل کامران شیخ کو 7 مئی 2021 کو لاہور ہائیکورٹ کا جج تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے تقریباً 5 سال تک جج کے طور پر فرائض انجام دیے،استعفے کی حتمی منظوری نہ ہونے کے باعث جسٹس محمد راحیل کامران شیخ کے عدالتی عہدے کی موجودہ حیثیت کا معاملہ تاحال برقرار ہے۔