پاک فوج کا ’’آپریشن بنییان مرصوص‘‘ اور ’’معرکہ حق ‘‘کی کامیابی کا باضابطہ اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور) پاک فوج نے ’’آپریشن بنییان مرصوص‘‘ کامیابی سے مکمل ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا،22 اپریل سے 10 مئی تک جاری رہنے والے’’معرکہ حق ‘‘ میں بھارتی فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ تفصیلی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پہلگام واقعہ سے جنم لینے والی پاک بھارت کشیدگی 22 اپریل سے دس مئی تک ’’معرکہ حق ‘‘کے نام سے تاریخ میں امر ہو گئی،معرکہ حق کا فیصلہ کن مرحلہ آپریشن بنیان مرصوص کی صورت میں چھ مئی سے دس مئی تک جاری رہا اور افواج پاکستان کی تاریخی فتح کے ساتھ مکمل ہوا ۔6 اور 7 مئی کی رات بھارتی حملوں میں معصوم شہری شہید ہوئے،پاک فوج نے وعدے کے مطابق بھارتی دراندازی کا حساب چکا دیا،اللہ تعالیٰ کی نصرت سے دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا گیا۔ اعلامیہ میں شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی گئی ،پاک فوج کے تمام افسران، جوانوں اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا،قوم کی بھرپور اخلاقی اور دعاؤں سے بھری حمایت کو سراہا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی نوجوان سائبر و اطلاعاتی جنگ میں ہراول دستہ بنے،میڈیا نے بھارتی پراپیگنڈے کے خلاف فولادی دیوار کا کردار ادا کیا،سفارتکاروں نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مقدمہ جاندار انداز میں لڑا،مقامی سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیکنالوجی جنگ میں کارگر ثابت ہوئی ،تمام سیاسی قیادت نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا،وزیراعظم اور کابینہ نے تاریخ ساز فیصلے کیے،آپریشن میں تینوں افواج کی زبردست ہم آہنگی اور جدید حکمت عملی نظر آئی،بھارت کے 26 فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا،فضائی، زمینی، بحری اور سائبر جنگ کا مربوط استعمال کیا گیا۔
بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیکس میں سویلین آبادی کو نقصان سے بچایا گیا،بھارتی اڈے، براہموس ڈپو، اور S-400 سسٹمز کو بھی نشانہ بنایا گیا،ایل او سی پر بھارتی چوکیاں اور توپ خانے خاموش کرا دیے گئے،پاکستانی ڈرونز نے بھارت کے حساس شہروں پر مسلسل پرواز کی،پاک فوج کی سائبر کارروائیوں نے بھارتی انفراسٹرکچر کو عارضی مفلوج کیا،بھارت کے ساتھ ساتھ اس کے پراکسیز نے بلوچستان و خیبرپختونخوا میں دہشتگردی بڑھائی۔ پاک فوج نے مغربی محاذ پر دہشتگردوں کے خلاف کامیاب جوابی کارروائیاں کیں۔22 اپریل سے 10 مئی تک جاری رہنے والا’’معرکہ حق‘‘ قومی طاقت کے تمام عناصر کی شاندار ہم آہنگی کی مثال ہے،پاکستان کا پیغام واضح ہے کہ جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:طیب ایردوان آپکا شکریہ،پاکستانی عوام کے دل جیت لئے،شہباز شریف کی ترک سفیر سے ملاقات