صدر،وزیراعظم اور وزیر داخلہ  کا جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین 

Mar 12, 2025 | 23:08:PM
صدر،وزیراعظم اور وزیر داخلہ  کا جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  نے جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف زرداری نے آپریشن کے دوران 21 شہریوں اور 4 ایف سی جوانوں کی شہادت پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،صدر مملکت نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر کارروائی میں 33 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف  کی ،صدر مملکت نے شہریوں اور مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا  ۔

صدر مملکت نے جامِ شہادت نوش کرنے پر 4 ایف سی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا،صدر مملکت نے آپریشن جعفر ایکسپریس کے شہداء کیلئے بلندی درجات، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا  کی ،صدر مملکت نے بلوچستان میں قیامِ امن اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہارکیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یرغمال بنائے تمام مسافروں کو بازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا،وزیرداخلہ محسن نقوی نے تمام  33دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔محسن نقوی نے کہاکہ سکیورٹی فورسز نے خواتین اور بچوں کی جانیں بچانے کیلئے انتہائی احتیاط سے کام لیا۔ 

وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 21 مسافروں  کی شہادت پر   گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا،وزیرداخلہ نے شہید ہونے والے ایف سی کے 4 جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں،دہشتگردی کا یہ واقعہ انتہائی دلخراش ہے۔ ہر شہری افسردہ اور رنجیدہ ہے۔  معصوم بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال بنانا انتہائی غیر انسانی عمل ہے۔  

انہوں نے کہاکہ بہادر سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا اور تمام درندوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا،دہشتگرد اس دھرتی کا بوجھ ہیں اور قوم کی حمایت سے اس ناسور کے ہمیشہ کے لئے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔ دہشتگردوں کے ساتھ سہولت کاروں سے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ 

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - قومی
ٹیگز: