لاہورجنرل ہسپتال کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس،اہم فیصلے کئے گئے
چیف فارماسسٹ ہفتے میں ایک باردستیاب ادویات کے متعلق تمام ڈاکٹرز کو آگاہ رکھے؛پرنسپل پروفیسر فاروق افضل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کی زیر صدارت لاہور جنرل ہسپتال کی کارکردگی کا ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے پرنسپل کو تمام شعبوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور مریضوں کو حکومتی پالیسی کے تحت دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا،اس موقع پر ہسپتال میں مزید کوالٹی کیئر کی فراہمی کیلئے اہم فیصلے کیے گئے جن پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،اجلاس میں انتظامی ڈاکٹرز اور ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نے بھی شرکت کی۔
پرنسپل پروفیسرڈاکٹر فاروق افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کے دوران شعبہ ورکس و سینی ٹیشن سٹاف کو الرٹ رہنا ہوگا،موجودہ ہیلتھ کیئر سسٹم میں سستی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں،لہٰذا ہسپتال کے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے تمام اقدامات بلا تاخیر کیے جائیں۔سکیورٹی اور صفائی کے نظام پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،سینٹری انسپیکٹر دفاتر میں بیٹھ کر سب اچھا ہے کی رپورٹ دینے کی بجائے عملی طور پر شعبوں میں متحرک نظر آئیں کیونکہ مریضوں اور تیمارداروں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ماحول کی فراہمی ہسپتال انتظامیہ کی عملی ترجیح ہے۔
پرنسپل نے ہسپتال میں قائم بلڈ بینک کے عملے کی حاضری اور بلڈ بینک کی کارکردگی پر بھی نگاہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کم دستیاب بلڈ گروپس کے بلڈ بیگ بھی مناسب تعداد میں موجود ہوں تاکہ ایمرجنسی صورتحال میں سیریس زخمیوں کی جان بچائی جا سکے۔
پروفیسر فاروق افضل نے فوکل پرسن انتظامی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے شعبوں کا راؤنڈ کر کے ایم ایس کو رپورٹ جمع کرائیں، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے ہسپتال میں بھیک مانگنے اور غیر قانونی طور پر اشیاء فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اے ایم ایس سکیورٹی کو حکم دیا کہ وہ ایسے افراد کی فوری طور پر حوصلہ شکنی کریں،انہوں نے ایم ایس سے کہا کہ نجی سکیورٹی اور صفائی کمپنی کے ملازمین کی کارکردگی پر خصوصی نگاہ رکھیں اور نجی ٹھیکے دار کے ملازمین کے کوائف کی پولیس سے ترجیحی بنیادوں پر ویریفکیشن لازمی کرائی جائے۔
پرنسپل نے ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو بھی ہدایت کی کہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال، وارڈ مینجمنٹ، ریکارڈ کی تکمیل اور ہیلتھ کیئر کمیشن کے ایس او پیز پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے،انہوں نے انتظامیہ کو حکم دیا کہ ہسپتال میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ایک مریض، ایک تیماردارکی پالیسی پر سختی سے عمل کرانے کے لیے میدان عمل میں اتریں،اس کے علاوہ چیف فارماسسٹ کو ہدایت کی گئی کہ ہفتے میں ایک بار ہسپتال میں دستیاب ادویات کے متعلق تمام ڈاکٹرز کو آگاہ کیا کریں تاکہ انہیں مریضوں کو ادویات تجویز کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں:چشتیاں؛زہریلا دودھ پینے سے6 افراد کی حالت تشویش ناک
پروفیسر فاروق افضل نے ایم ایس اور ڈی سی این ایس کو ہدایت کی کہ بہتر کارکردگی کے حامل ملازمین کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو،انہوں نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی، ڈیوٹی پر تاخیر سے آنا، وقت سے پہلے چلے جانا یا دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر جانے والے تمام ملازمین کے خلاف بلا لحاظِ عہدہ سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ حکومت اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہسپتال کی انتظامی ٹیم مزید محنت اور لگن سے کام کرے گی۔