نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس ،مختلف وزارتوں کے افسران کی شرکت

Feb 12, 2025 | 23:19:PM
نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس ،مختلف وزارتوں کے افسران کی شرکت
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)نادرا کی جانب سے نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی عملدرآمد کمیٹی کے پہلے اجلاس ہوا،اجلاس میں مختلف وزارتوں اور اداروں کی قیادت اور سینئرافسران نے شرکت کی۔

نئی حکومتی پالیسی کی روشنی میں رجسٹریشن اور بائیومیٹرک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا،وفاقی حکومت نے نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کا نوٹیفکیشن یکم جنوری 2025 کو جاری کیا۔

اس انقلابی اقدام کا مقصد رجسٹریشن اور بائیومیٹرک کے موجودہ نظام کی خامیوں کو دور کرنا ہے،خامیوں کی وجہ سے اندراج کی کمی، ڈیٹا میں تضادات، شناخت کی چوری اور جعلی اندراج کے خدشات پیدا ہوتے ہیں،صوبوں کے سول رجسٹریشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کو نادرا کے ڈیٹابیس کے ساتھ ضم کیا جا رہا ہے،یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک معلومات کے حصول اور تصدیق کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ڈیجیٹل آئی ڈی متعارف کرائی جائے گی، رجسٹریشن نظام سے وابستہ اداروں میں اشتراک کو فروغ ملے گا،حکومتی اور نجی اداروں کے لئے ڈیٹا کے حصول، محفوظ اور استعمال کرنے کے یکساں طریقے وضع کئے جائیں گے۔

وزیر داخلہ کی سربراہی میں نیشنل سٹیرنگ کمیٹی سٹریٹجک رہنمائی کے فرائض انجام دے رہی ہے ،چیئرمین نادرا کی زیرقیادت قومی عملدرآمد کمیٹی سٹریٹجک رہنمائی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کام کر رہی ہے،چیئرمین نادرا نے کہاکہ فریم ورک گورننس کے اقدامات پر عملدرآمد اور شناخت و تصدیق کے محفوظ و آسان طریقوں میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ 

اجلاس میں منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات،  داخلہ اور بین الصوبائی تعاون کی وزارتوں کے حکام شریک ہوئے،وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، سائنس و ٹیکنالوجی اور قانون و انصاف ،پی ٹی اے، ایف آئی اے، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ، ادارہ شماریات اور الیکشن کمیشن کے نمائندے بھی شریک ہوئے،اجلاس میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کے مقامی حکومت کے محکموں ،پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد جموں وکشمیر کے صوبائی آئی ٹی بورڈز نے بھی شرکت کی۔

سٹیٹ بینک،بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان کے صوبائی آئی ٹی بورڈز کے نمائندے آن لائن شریک ہوئے،نادرا کی جانب سے شہریوں  سے فریم ورک پر آراء جمع کرانے کی درخواست، مسودہ ویب سائٹ پر دستیاب ہے،عملدرآمد کمیٹی پالیسیوں کو حتمی شکل دے کر 30 مئی تک وفاقی حکومت کو جمع کرائے گی۔