بحیرۂ احمر میں حوثی حملے کے دوران 3 پاکستانی جاں بحق، ایک زخمی ہوا:اسحاق ڈار کی شدید مذمت

Aug 12, 2026 | 12:17:PM
بحیرۂ احمر میں حوثی حملے کے دوران 3 پاکستانی جاں بحق، ایک زخمی ہوا:اسحاق ڈار کی شدید مذمت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحیرۂ احمر میں تجارتی جہاز پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں تین پاکستانی شہریوں کے جاں بحق اور ایک کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اپنے ایکس پیغام میں اسحاق ڈار نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر جنگی تجارتی جہاز پر حملہ معصوم انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتا ہے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے،انہوں نے کہا کہ بحیرۂ احمر میں اس نوعیت کے حملے جہاز رانی کی آزادی اور سمندری سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

نائب وزیراعظم نے جاں بحق پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان سعودی حکام اور یمن کی تسلیم شدہ حکومت سے رابطے میں ہے  جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات اور حالات جاننے کے لیے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطہ جاری ہے۔

نائب وزیراعظم نے ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو فوری رابطہ کاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق پاکستانی شہریوں کی میتوں کی وطن واپسی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں،انہوں نے زخمی پاکستانی شہری کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

اسحاق ڈار نے پاکستانی سفارتخانے کو متعلقہ حکام کے ساتھ فوری رابطے اور واقعے کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے مسلسل قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔