ازلی دشمن کو دندان شکن جواب،افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی،یومِ تشکر کی تقریبات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ارشاد قریشی/امداد بزدار/وسیم شہزاد) پاکستان بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر یومِ تشکر کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں قوم نے بے مثال اتحاد، عزم، اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افواجِ پاکستان سے اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا بھرپور اظہار کیا۔
کوئٹہ، ملتان، سکھر، حیدرآبادسمیت پاکستان بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر یومِ تشکر کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا،کوئٹہ میں جھالاوان عوامی پینل کے زیر اہتمام یومِ تشکر ریلی نکالی گئی،شرکاء نے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور دشمن کے خلاف کامیابی پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا،ریلی کے شرکاء نے کہا کہ پاک فوج نے ازلی دشمن کو دندان شکن جواب دے کر ملک کی سالمیت اور عوام کا بھرپور تحفظ یقینی بنایا ہے،جھالاوان عوامی پینل کے مطابق یہ دشمن کی بدترین شکست اور بھارتی غرور پر طمانچہ ہے۔
راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تحریکِ نفاذ فقہ جعفریہ کے زیرِ انتظام اظہارِ تشکر کی تقریبات، ریلیاں اور دعائیہ اجتماعات منعقد ہوئے ، سربراہ علامہ حسین مقدسی نے کہا کہ حسینی ماؤں کے سپوتوں نے مودی کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے خطے میں بھارتی بالادستی کا خواب چکنا چور کر دیا، اور قوم افواج کو ان کی قربانیوں پر سلام پیش کرتی ہے۔
ادھرملتان میں پاکستانی کوہ پیما ٹیم نے سرفنگا صحرا میں 100 فٹ لمبا پاکستان آرمی اور 100 فٹ پاکستان کا قومی پرچم لہرا کر ایک نیشنل ریکارڈ قائم کیا، یہ کارنامہ گلگت، سکردو اور پنجاب کے کوہ پیماؤں نے نائب صدر الپائن کلب ایاز شگری اور ملتان کے کوہ پیما ثاقب رحمان کی قیادت میں انجام دیا،ٹیم نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سانسیں، ہماری طاقت، سب کچھ وطن کے لیے ہے ۔
حیدرآباد میں یومِ تشکر کے موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،تاجروں نے کیک کاٹ کر افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا،صدر عدیل صدیقی نے کہا کہ ہماری فضائیہ نے بھارت کو تاریخی دھول چٹائی ہے۔
سکھر میں موٹر ورکس ایسوسی ایشن اور مقامی مستریوں نے افواجِ پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی،شرکاء نے پاکستانی پرچم تھامے ہوئے نعرے لگائے کہ افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان زندہ باد! ۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘ میں تاریخی کامیابی، شوبز شخصیات کا افواج پاکستان کوخراج تحسین