این سی او سی نے عیدالفطر کیلئے گائیڈ لائنز جاری کردی

May 11, 2021 | 23:31:PM
این سی او سی نے عیدالفطر کیلئے گائیڈ لائنز جاری کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے عیدالفطر کیلئے گائیڈ لائنز کی منظور ی دیدی ،نماز پڑھنے والے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں جب کہ گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں،نماز کے بعد ہجوم نا بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور دیگر شریک ہوئے، میٹنگ میں عیدالفطر کے لئے گائیڈلائنز کی منظوری دے دی گئی ،جس کے تحت عید کی نماز کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلی جگہوں پر پڑھائی جائے، اگر مسجد کے اندر نماز پڑھانا ضروری ہو تو دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھیں۔
گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ مسجد یا کسی بھی کھلی جگہ پر رش کم کرنے کے لئے نماز دو سے تین بار پڑھائی جائے اور نماز عید کا خطبہ محدود رکھا جائے، بیمار، بزرگ اور 15 سال سے کم عمر بچے نماز میں آنے سے گریز کریں، عید کی نماز کے لئے آنے والے ماسک لازمی پہنیں۔
این سی او سی کی گائیڈ لائنز میں مزید کہا گیا ہے کہ مساجد اور عید گاہوں میں داخلے کےلئے متعدد راستے رکھے جائیں، مساجد کے داخلی راستوں پر ہینڈ سینی ٹائزر رکھے جائیں اور نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے، نماز پڑھنے والے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں جب کہ گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں،نماز کے بعد ہجوم نا بنائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں کوروناوبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، عید الفطر کی نماز کے اجتماعات کے لئے ایس او پیز جاری کرنے کافیصلہ کیاگیا،اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد،چیف سیکرٹری پنجاب ، اعلی ٰسول وعسکری قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے عید الفطر کی نماز کے اجتماعات کے لئے ایس او پیز جاری جائیں گے ، ماسک پہننے، سماجی فاصلہ رکھنے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں صوبہ میں کوروناوائرس کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا،انہوں نے ہدایت کی کہ چاند رات اور عید کے موقع پر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات سے متعلق پلان کو حتمی شکل دی جائے۔ 
یہ بھی پڑھیں: بھارت پر نیا عذاب۔۔کورونا کے ساتھ بلیک فنگس کی وبا بھی شروع