آزاد امیدوار کی حیثیت سے بلدیاتی الیکشن کیسے لڑا جائے۔الیکشن کمیشن نے طریقہ بتا دیا

Mar 11, 2022 | 20:16:PM
آزاد امیدوار۔بلدیاتی الیکشن۔الیکٹورل گروپ۔اعلامیہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(نیوز ایجنسی)الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب میں جماعتی بنیادوں پر ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت حاصل کئے بغیر انتخاب لڑنا چاہتے ہیں ان کےلئے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

 پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جماعتی بنیادوں پر کیا جائیگا، چنانچہ ایسے متوقع امیدوار جو آزاد حیثیت میں بغیر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، انہیں الیکٹورل گروپ کا اندراج کروا کر گروپ کی صورت میں الیکشن میں حصہ لینا ہوگا ۔ الیکٹورل گروپ کے اندراج کے شیڈول کے مطابق 12مارچ 2022کو الیکٹورل گروپس کے اندراج کے لئے پبلک نوٹس جاری کر دیا جائے گا۔ 24مارچ سے 28 مارچ تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا انکے مجاز نمائندگان، فارم 1پر الیکشن کمیشن کے مجاز افسر کے پاس درخواست جمع کروا سکیں گے۔ یکم اپریل تک مجاز افسران فارم 1پر موصول ہوئی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد کسی کمی بیشی کی صورت میں درخواست متعلقہ الیکٹورل گروپ کے سربراہ کو واپس دیں گے۔ 4اپریل 2022تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا انکے مجاز نمائندگان مجاز افسر کے پاس درستگی کے بعد ترمیم شدہ فارم 1دوبارہ جمع کروائیں گے۔

6اپریل تک مجاز افسران الیکٹورل گروپ کے اندراج کی تصدیقی سند فارم 3جاری کریں گے۔ درخواستوں کو منظور یا مسترد کرنے پر مجاز افسران کے فیصلوں کے خلاف اعتراضات و گزارشات دائر کرنے کی آخری تاریخ 9اپریل مقرر کی گئی ہے۔ ان گزارشات یا اعتراضات کی شنوائی الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ افسران کریں گے۔ 13اپریل تک ان اعتراضات و گزارشات پر فیصلے جاری کر دئیے جائیں گے اور الیکٹورل گروپس کے اندراج کا عمل مکمل کر دیا جائے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے متوقع امیدواران کیلئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کئے بغیر انتخابات لڑنا چاہتے ہیں انکے لئے لازم ہے کہ وہ جلد اپنے الیکٹورل گروپ کا اندراج کر وائیں اور انتخابات میں حصہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں پہلی بار انتخابات میں الیکٹور ل گروپس کے اندراج کا عمل کیا جائیگا، لہٰذہ عوام الناس بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیں اور دوسروں کو آگاہ کریں۔ مزید برآں صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا عمل ڑیڈول کے مطابق جاری ہے۔ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 22مارچ 2022 کو جاری ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی,الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو نوٹس جاری کردیا