ایتھوپیا کے سبکدوش سفیر ڈاکٹر جمال کی عطا اللہ تارڑ سے الوداعی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ایتھوپیا کے سفارت خانہ کا دورہ، ایتھوپیا کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ سے الوداعی ملاقات کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈاکٹر جمال عبداللہ بیکر کو ان کی شاندار سفارتی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا، وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط اور نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے ڈاکٹر جمال بیکر کے شاندار کردار اور خدمات کو سراہا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ڈاکٹر جمال عبداللہ بیکر نے پاکستان اور ایتھوپیا کے عوام کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید مستحکم کیا، ایتھوپیا کے سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو بین الاقوامی سطح پر ایک موثر کردار ادا کر رہا ہے۔
ڈاکٹر جمال بیکر نے اپنے دور سفارت کے دوران دوطرفہ اور کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے میں حکومت پاکستان اور عوام کی بھرپور حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے امن و سلامتی، ماحولیاتی استحکام، ہوا بازی، تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت و ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دیا، روابط، معاشی سفارت کاری اور ماحولیاتی استحکام کے شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر ہمیں فخر ہے۔
سفیر ایتھوپیا نے کہا کہ ایتھوپیا کی ایئر لائنز پاکستان کی ”لک افریقہ“ اور ”انگیج افریقہ“ پالیسیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اسی پالیسی کے تحت آئندہ ہفتے ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں پانچویں پاکستان ۔ افریقہ تجارتی ترقی کانفرنس اور سنگل کنٹری ایگزیبیشن منعقد ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ایتھوپیا کے وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا میں ہونے والی ترقی و تبدیلی کو سراہا،انھوں نے کہا کہ ڈاکٹرجمال بیکر پاکستان کے ایک سچے دوست ہیں جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قربت اور دوستی کے پل تعمیر کئے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) ایتھوپیا کے سفیر کی سفارتی خدمات پر ایک خصوصصی دستاویزی پروگرام تیار کرے گا،یہ دستاویزی پروگرام دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کے لئے انجام دی گئی شاندار خدمات کے اعتراف میں نشر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :یواےای کے سکولوں میں چھٹیوں کا اعلان