وزیر داخلہ محسن نقوی کا ماں کی بے مثال محبت، قربانی اور عظمت کو سلام

ماں کی دعائیں اندھیروں میں امید کی کرن بن کر راستے روشن کرتی اور کامیابی کے دروازے کھولتی ہیں

May 10, 2026 | 12:48:PM
 وزیر داخلہ محسن نقوی کا ماں کی بے مثال محبت، قربانی اور عظمت کو سلام
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ماں کی بے مثال محبت،قربانی اور عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ماں وہ عظیم ہستی ہے جو اولاد کے لیے ہر دکھ، ہر تکلیف اور ہر آزمائش کو خاموشی سے برداشت کر کے خوشیاں بانٹتی ہے۔
ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاکہ ماں کی گود ہر بچے کی پہلی درسگاہ ہوتی ے جہاں سے محبت، اخلاق، صبر اور انسانیت کے بنیادی اصولوں کی تربیت کا آغاز ہوتا ہے۔
محسن نقوی نے کہاکہ شہدائے وطن کی عظیم ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،سلام ان ماؤں کو جنہوں نے معرکہ حق کے لیے شیر دل بیٹے پیدا کیے،ماں کی دعائیں زندگی کے اندھیروں میں امید کی کرن بن کر راستے روشن کرتی ہیں اور کامیابی کے دروازے کھولتی ہیں۔
 محسن نقوی نے کہاکہ دین اسلام میں ماں کا مقام انتہائی بلند ہے،ماں کی محبت بے غرض، بے لوث اور خالص ہوتی ہے جو کسی صلے یا تعریف کی محتاج نہیں ،ماں کے بغیر زندگی ادھوری، بے رنگ اور ویران ہے، ماں کی کمی ایسی حقیقت ہے جو کبھی مکمل نہیں ہو سکتی۔
 محسن نقوی نےمزید کہاکہ میں آج جس مقام پر ہوں اس میں میری ماں کی دعائیں ہمیشہ شامل حال رہی ہیں،ماں کی ممتا ایک ایسا سایہ ہے جو زندگی کے کٹھن ترین لمحات میں بھی سکون، حوصلہ اور تحفظ کا احساس فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کی بنگلہ دیشی وزیر مملکت خارجہ سے ملاقات، تجارتی و ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیرداخلہ نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سب ماں کی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں اور ہر دن ماں کی محبت اور قربانی کا اعتراف کریں،مدرز ڈے کا پیغام یہی ہے کہ ماں کی قدر کریں کیونکہ اس جیسی مخلص، مہربان اور بے مثال ہستی دنیا میں کوئی نہیں۔