موجودہ حالات 2008ء اور 2013ء سے بہتر ہیں، الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، مرتضیٰ سولنگی

Jan 10, 2024 | 18:43:PM
موجودہ حالات 2008ء اور 2013ء سے بہتر ہیں، الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، مرتضیٰ سولنگی
کیپشن: نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد سے مسلسل الیکشن کمیشن سے رابطے میں ہیں
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان میں خراب ترین حالات میں بھی الیکشن ہوئے ہیں، موجودہ صورتحال 2008ء اور 2013ء سے بہت بہتر ہیں، انتخابات 8 فروری 2024ء کو ہوں گے۔

آج الیکشن کمیشن آف پاکستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد سے مسلسل الیکشن کمیشن سے رابطے میں ہیں، الیکشن کمیشن سے روزانہ کی بنیاد پر رابطہ ہوتا ہے، الیکشن کمیشن آمد معمول کے رابطے کا حصہ ہے۔

انتخابات کی کوریج کیلئے غیرملکی میڈیا کی پاکستان آمد کے حوالے سے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ معلومات وزارت خارجہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان فراہم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے: انتخابی فہرستوں میں خامیاں ، نادرا نے مردوں کے نام عورتوں کے خانے میں لکھ دیئے

سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں کے آغاز سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے اعلان کے بعد انتخابی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا، تمام جماعتیں اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر رہی ہیں، 15 جنوری سے مسلم لیگ (ن) نے بھی جلسوں کا اعلان کیا ہے، اس کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں تکنیکی خرابی سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نگران حکومت سے پہلے بھی ایسے تکنیکی مسائل آتے رہے ہیں، حال ہی میں انٹرنیٹ کی خرابی کی وجہ تکنیکی مسئلہ تھا، اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اس حوالے سے مزید تفصیلات پی ٹی اے سے معلوم کی جا سکتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کا قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے، رولز آف بزنس کے تحت جب کوئی وزیر نہیں ہوتا تو متعلقہ وزارت وزیراعظم کے پاس ہوتی ہے۔