شیخ زاید ہسپتال لاہور میں 10 بیڈز کے جدید چلڈرن ایمرجنسی یونٹ قائم کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد ترک )وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے شیخ زاید ہسپتال لاہور میں 10 بیڈز پر مشتمل جدید چلڈرن ایمرجنسی یونٹ قائم کرنے کا اعلان کر دیا ۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وزارت صحت اسلام آباد میں ایم او یو پر دستخط کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا ، تقریب میں وزیر صحت مصطفٰی کمال اور سیکریٹری صحت اسلم غوری نے شرکت کی، شیخ زاید انسٹی ٹیوٹ اور چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔
ایم او یو کے تحت شیخ زاید ہسپتال لاہور میں 10 بیڈز پر مشتمل جدید چلڈرن ایمرجنسی یونٹ قائم ہو گا، اس موقع پر وزیر صحت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید یونٹ کا مقصد ایمرجنسی میں آنے والے بچوں کو بروقت و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کی اموات میں کمی کیلئے ایسے جدید سنٹرز کی اشد ضرورت ہے، بچوں کی صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،بچوں کو بروقت طبی امداد فراہمی و ایمرجنسی کیئر نظام جدید خطوط پر استوار کرنا انتہائی ضروری ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن اور شیخ زاید کے درمیان شراکت داری بچوں کی ایمرجنسی صحت کے شعبے میں ایک نمایاں بہتری کا باعث بنے گی،جدید چلڈرن ایمرجنسی یونٹ کے قیام سے بچوں کو فوری، معیاری اور مؤثر طبی امداد کی فراہمی میں مدد ملے گی،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صحت کے شعبے میں مزیز بہتری آئے گی۔
مصطفٰی کمال نے کہا کہ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے ساتھ یہ تعاون بھی اسی وژن کا حصہ ہے،بچوں کی ایمرجنسی کیئر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا،سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کو بڑھانے کیلئے مؤثر اقدامات یقینی بنارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہبا زشریف کی ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت