سعودی عرب میں تیل و گیس کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں کمی
ایرانی حملوں کےنتیجے میں تیل کی پیداواری صلاحیت میں یومیہ 6 لاکھ بیرل تک کمی ہوگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ حملوں کے نتیجے میں تیل اور گیس کی پیداوار اور ترسیل میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک بڑے آئل پمپنگ اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں یومیہ 7 لاکھ بیرل تیل کی ترسیل متاثر ہوئی جبکہ منیفہ اور خریص آئل فیلڈز پر حملوں سے مجموعی طور پر یومیہ 3 لاکھ بیرل پیداوار کم ہو گئی ہے۔
اس طرح سعودی عرب کی مجموعی تیل کی پیداواری صلاحیت میں یومیہ 6 لاکھ بیرل تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبیل میں سٹورپ، راس تنورہ، ینبع میں سامرف اور ریاض ریفائنری جیسے بڑے صنعتی اور توانائی مراکز ان حملوں کی زد میں آئے ہیں، جس کے باعث نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی منڈی میں بھی تیل کی سپلائی متاثر ہونے لگی ہے۔
جُعیمہ کے پروسیسنگ پلانٹس میں آگ لگنے سے ایل پی جی کی برآمدات بھی متاثر ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سٹاک مارکیٹ میں تیزی،انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں استحکام
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ان حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو عالمی تیل کی سپلائی میں مزید کمی آ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں بین الاقوامی منڈی میں توانائی کا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے،ماہرین کے مطابق سعودی عرب جیسے بڑے تیل پیدا کرنے والے ملک کی سپلائی متاثر ہونے سے عالمی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔