فلسطین،اسرائیل جنگ کا تیسرا روز،ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد سات سو ہوگئی

ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 7000 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی

Oct 09, 2023 | 09:21:AM
فلسطین،اسرائیل جنگ کا تیسرا روز،ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد سات سو ہوگئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)اسرائیل پر حماس کے حملوں میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 7 سو سے اوپر چلی گئی، زخمیوں کی تعداد 22 سو سے زیادہ ہوگئی، زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

حماس کی جانب سے کیے گئے’الاقصی فلڈ آپریشن‘ مرنے والوں میں سینیئر فوجی افسر سمیت 50 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔حماس کی جانب سے اسرائیلی فوجی اڈے پر حملے کی نئی ویڈیو بھی جاری کی گئی حماس کی ایک اور کارروائی کے دوران عسقلان شہر میں 15 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔ اسرائیل کے 8 شہروں میں اب بھی اسرائیلی فوجیوں اور حماس کے درمیان لڑائی جاری۔

 ضرورپڑھیں:حماس،اسرائیل جنگ،400 فلسطینی شہید،300اسرائیلی ہلاک
دعویٰ کیا گیا ہے کہ 100 سے زائد یرغمال بنائے گئے اسرائیلی غزہ میں حماس کی تحویل میں ہیں۔دوسری جانب امریکا نے حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی مدد کیلئے اپنا جنگی بحری بیڑہ بھیجنے کا اعلان کردیا ہے، بحری بیڑے میں طیارہ بردار جہاز سمیت 5 تباہ کن بحری جہاز شامل ہیں۔

امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن کا کہنا تھا کہ امریکی فضائیہ بھی علاقے میں اپنی طاقت بڑھائے گی، اسرائیلی فوج کیلئے مزید فوجی سازو سامان بھیجنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 7000 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں ایک افسر اور 50 صیہونی فوجیوں سمیت 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک جبکہ 22 سو سے زائد زخمی اور 100 سے زائد یرغمال بنالیے گئے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق حماس سے جھڑپ میں سینیئر ترین اسرائیلی فوجی کرنل جوناتھن اسٹینسبرگ بھی ہلاک ہوئے جبکہ حماس کی جانب سے سینیئر اسرائيلی کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنانے اور اسرائیل پر 7 ہزار سے زیادہ راکٹ داغنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کیے گئے حملوں میں اب تک بچوں اور عورتوں سمیت 413 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جبکہ 2 ہزار 3 سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی پر بند کمرا اجلاس ہوا جو بے نتیجہ ختم ہوگیا ۔