فارن فنڈنگ کیس کا خوف ،عمران ذہنی توازن کھو چکا: آصف زرداری

May 09, 2022 | 13:42:PM
 فارن فنڈنگ کیس کا خوف ،عمران ذہنی توازن کھو چکا: آصف زرداری
کیپشن: آصف زرداری(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری  نے کہا کہ  اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران ذہنی توازن کھو چکا ہے اور اب قومی اداروں پر حملہ آور ہو رہا ہے،عمران خان کی قومی اداروں کےخلاف مہم کی پر زور مذمت کرتے ہیں، احتساب سے بچنے کیلئے یہ عمران خان کی ایک بھونڈی کوشش ہے۔ 

عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف تقاریر کی مذمت کرتے ہوئےآصف زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے احتساب سے بچنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے، قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن کیسز اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے، جن میں سزا سے بچنے کے لئے وہ قومی اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہا ہے، اقتدار کے لالچ میں عمران نیازی تمام حدیں پار کرتا ہوا جس نہج پر جا رہا ہے وہ ملک کو ایک مرتبہ پھر دولخت کرنے کی سازش لگتی ہے،عمران کا کرسی کیلئے نہ صرف ملک بلکہ قومی اداروں کا بھی نقصان کرنا برداشت نہیں کیاجائیگا۔

آصف زرداری نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلوانے کے علاوہ عمران خود جلسوں میں جھوٹ پر مبنی سازشی بیانیے کے ذریعے لوگوں کے جذبات بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے جو قابل مذمت ہے، عمران خان کرسی کی خاطر نفرت پھیلا کر نہ صرف پاکستان کا نقصان کر رہا ہے بلکہ قومی اداروں کا بھی نقصان کر رہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران کی انہی حرکتوں کی وجہ سے پچھلے پونے چار سال میں ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے کی جانب گیا، اس نے اداروں کو بدنام کرنے اور ان میں نفاق ڈالنے کے لئے جو مہم چلائی ہے وہ پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرناک ہے اور اس کا فائدہ ملک دشمن قوتوں کو پہنچے گا، پاک فوج نہ صرف پاکستان کی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ آئین اور جمہوریت کا تحفظ بھی اس کی ذمہ داری ہے لہذا اسے سیاست میں گھسیٹنے اور متنازع بنانے کی کوشش ملک سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔