اسلام آباد ہائیکورٹ کا ریٹائرڈ پروفیسر کو پنشن کی رقم دو ماہ میں ادا کرنے کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احتشام کیانی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے فزکس کے ریٹائرڈ پروفیسر کو پنشن کی رقم دو ماہ میں ادا کرنے کا حکم دیدیا،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف بلوچستان کو پنشن کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔
عدالت نے کہاکہ تسلیم شدہ ہے کہ یونیورسٹی آف بلوچستان نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں کیا،یونیورسٹی آف بلوچستان سیکرٹری فنانس سے رابطہ کر کے ایک ماہ میں اپنے حصے کی رقم ٹرانسفر کرے، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی رقم موصول ہونے کے بعد اپنا حصہ شامل کر کے پروفیسر ظفر الیاس کو ادا کرے،عدالت نے فیصلے کی کاپی دونوں یونیورسٹیز اور سیکرٹری فنانس بلوچستان کو بھیجنے کا حکم دیدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ فیصلے پر عدم عملدرآمد حکم عدولی تصور ہو گا، جو توہینِ عدالت کا جرم قرار پائے گا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس 1987 سے 2009 تک یونیورسٹی آف بلوچستان میں پروفیسر رہے،پروفیسر سید ظفر الیاس علامہ اقبال یونیورسٹی کی درخواست پر وہاں ڈیپوٹیشن پر آئے، پروفیسر ظفر الیاس نے مستقل پروفیسر کی پوسٹ کیلئے اپلائی کیا اور 2011 میں مستقل ہو گئے، پروفیسر ظفر الیاس جنوری 2023 میں 36 سالہ پبلک سروس مکمل کر کے ریٹائر ہوئے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ پروفیسر ظفر الیاس کی پنشن کی مجموعی رقم 37 لاکھ 26 ہزار 381 روپے بنی، پنشن کی رقم ادا نہ کیے جانے پر پروفیسر ظفر الیاس نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو درخواست دی، یونیورسٹی میں شنوائی نہ ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بنچ نے فیصلہ دیا،جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے سنگل بنچ نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو پنشن کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا تھا،سنگل بنچ نے لکھا تھا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان سے رقم کے تنازعے پر الگ سے قانونی چارہ جوئی کی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’’عمران خان لالچی اور نوسرباز ہے‘‘فیاض چوہان نے سنگین الزامات لگادیئے