کھیل طلبہ کی ذہنی و جسمانی صحت کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں:پروفیسر فاروق افضل 

میڈیکل سٹوڈنٹس کو چاق و چوبند رہنے کیلئے نصابی سرگرمیوں کیساتھ کھیلوں میں ضرور حصہ لینا چاہئے

Sep 08, 2025 | 16:15:PM
کھیل طلبہ کی ذہنی و جسمانی صحت کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں:پروفیسر فاروق افضل 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ اور امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ کھیل طلبہ کی ذہنی و جسمانی صحت کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور ایک صحت مند جسم ہی صحت مند ذہن کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کر سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے امیر الدین میڈیکل کالج میں سپورٹس ویک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سینئر فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں میڈیکل طلبہ و طالبات بھی موجود تھے، پروفیسر فاروق افضل نے اساتذہ کے ہمراہ فضا میں غبارے بلند کیے جبکہ طلبہ نے پاسٹ مارچ کے ذریعے شاندار انداز میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
 پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم بہت زیادہ محنت اور مطالعہ کا تقاضا کرتی ہے جس سے سٹوڈنٹس جسمانی و ذہنی طور پر تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں لہٰذا انھیں اپنے آپ کو ریفریش کرنے اور چاق و چوبند رکھنے کیلئے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں حصہ ضرور لینا چاہئے اس سے ٹیم ورک کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور برداشت کی صلاحیت پروان چڑھتی ہے، ایسے پروگراموں سے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے اور وہ بھرپور اعتماد کے ساتھ عملی زندگی میں قدم رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن کو پیپر لیس کرنے کا حتمی فیصلہ
افتتاحی تقریب میں طلبہ و طالبات نے مختلف کھیلوں میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کیا،سپورٹس ویک کے دوران ا ن ڈور اور آؤٹ ڈور مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں کرکٹ، فٹبال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور ایتھلیٹکس سمیت دیگر کھیل شامل ہیں۔
سپورٹس ویک کے کامیاب انعقاد کے لیے طلبہ کی نمائندہ کمیٹی اور آرگنائزنگ ٹیم نے بھرپور محنت اور لگن سے تیاری مکمل کر لی ہے، کمیٹی کے اراکین مختلف کھیلوں کے شیڈول،انتظامات اور مقابلہ جات کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے،پرنسپل پی جی ایم آئی/اے ایم سی نے اس موقع پر طلبہ کو نصابی کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی اور یقین دلایا کہ ادارہ آئندہ بھی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔