کراچی کیلئے مزید نئی ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لانے کا اعلان
خواتین کو محفوظ سفر فراہم کرنے کے لیے مزید 1000 پنک الیکٹرک اسکوٹیز خریدنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کراچی کے لیے مزید ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لانے کا اعلان کردیا۔
شرجیل میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سلیم اللہ اوڈھو سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی،اجلاس میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، پنک ای وی اسکوٹیز کی تقسیم، ای وی ٹیکسی سروس اور ماس ٹرانزٹ کے جاری و مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کے لیے مزید ایک ہزار پنک ای وی اسکوٹیز خریدے گی جب کہ کراچی کیلئے نئی ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں لارہے ہیں۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں ماس ٹرانزٹ نظام کو مزید وسعت دینے کے لیے انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس کے تحت خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور نئے روٹس آئندہ ہفتے شروع کیے جائیں گے،بہت جلد لاڑکانہ، دادو،سیہون، حیدرآباد اور سانگھڑ سمیت مختلف اضلاع میں انٹر سٹی بس سروس بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے متعلقہ حکام کو پنک اسکوٹیز کی رجسٹریشن میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹریفک وارڈنز کا نفسیاتی چیک اپ کروانے کا فیصلہ
اجلاس میں بتایا گیا کہ شہرِ قائد کے لیے اگلے چند ماہ میں نئی بسوں کی مزید کھیپ پہنچ جائے گی۔اجلاس میں کراچی سمیت پورے سندھ میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو مرحلہ وار جدید بنانے پر اتفاق کیا گیا اور کہا گیا کہ سندھ میں پہلی بار ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔