نئی تاریخ رقم:پنجاب اسمبلی پاکستان کی پہلی ڈیجیٹائز اسمبلی بن گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد) پنجاب اسمبلی نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کی پہلی مکمل ڈیجیٹائز اسمبلی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
ایوان کی کارروائی کو پیپر لیس بنانے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد آج سے اجلاس مکمل طور پر بغیر کاغذ کے منعقد کیا جا رہا ہے۔
ایوان میں ارکانِ اسمبلی کے لیے جدید ٹیبلٹس نصب کر دیے گئے ہیں، جن کے ذریعے اجلاس کا ایجنڈا اور تمام پارلیمانی کارروائی ڈیجیٹل طور پر دستیاب ہوگی، مجموعی طور پر 380 ٹیبلٹس نصب کیے گئے ہیں، جن میں وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے لیے 371 ٹیبلٹس شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت تمام اراکین کو ایوان میں کاغذی ایجنڈے کی بجائے ٹیبلٹس کے ذریعے مواد فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:بجٹ سے پہلے ہلچل،اسلام آباد میں بڑا احتجاجی اعلان!
یہ منصوبہ یورپی یونین کے آئی پی 5 پروگرام کے تحت مکمل کیا گیا ہے، جبکہ اس پر پنجاب حکومت یا اسمبلی کی جانب سے کوئی براہ راست مالی اخراجات نہیں کیے گئے، ڈیجیٹائزیشن کے لیے ایپلیکیشن پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) اور اسمبلی کی آئی ٹی ٹیم نے تیار کی ہے، جسے خاص طور پر اسمبلی کی کارروائی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف کاغذ کے استعمال میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ پرنٹنگ کے اخراجات میں کروڑوں روپے کی بچت بھی متوقع ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ قدم ماحول دوست پالیسیوں کے تحت توانائی اور وسائل کی بچت میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔