دریائے نیلم جیپ حادثہ،نگران وزیر اعلی کا جاں بحق نوجوانوں کےلواحقین کیلئےامداد کا اعلان

Jun 08, 2023 | 19:09:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے  دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور 15،15 لاکھ  روپےکی امداد کا اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ اچھرہ سے آزاد کشمیر  سیر کیلئے جانےوالی جیپ دریائے نیل میں گری تھی، جس سے 8 نوجوان  جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے، اس دوران ایک ہی خاندان کے 12 نوجوانوں سمیت 14 افراد جیپ پر سوار تھے۔

محسن نقوی کا جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کے لئے15، 15 لاکھ روپے مالی امداد کااعلان کیا،اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جاں بحق نوجوانوں  اپنے خاندانوں کا سہارا تھے،  پنجاب حکومت کی طرف سے مالی امداد آپ کے پیاروں کی جان کا نعم البدل نہیں،جن کے پیارے دنیا سے چلے گئے ان کی جدائی کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیاجاسکتا۔حادثے میں زخمی ہونے والے 3 نوجوانوں محمد فہد، معین علی اور محمد حسنین کے اہل خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی کا جاں بحق نوجوانوں غلام میراں، اظہر اشرف، عمیر احمد، شاہنواز، بلال جیلانی، ولید ابرار، راحیل محمود اور رحیم خان کے لواحقین سے افسوسناک واقعہ پر دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے نواجوانوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی، نوجوانوں کے خاندانوں کو دلاسہ دیا اور صبر جمیل کیلئے دعا بھی کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ جاں بحق نوجوانوں کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں،8 نوجوانوں کا ایک حادثے میں دنیا سے چلے جانا سانحہ سے کم نہیں،ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں،پنجاب حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

ان کا کہناتھا کہ زخمی نوجوانوں کو علاج معالجے کی تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم زخمی نوجوانوں کے علاج معالجے کی خود مانیٹرنگ کریں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے ریسکیو ریسکیو1122 کی ٹیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیوں ٹیم  نے ڈیڈ باڈیز کی تلاش کے لئے دن رات کام کیا ہے۔
صوبائی وزراء عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ریسکیو 1122، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔