14 سال بعد فردین خان کی اداکاری کے میدان میں واپسی، کونسی فلم میں جلوہ گر ہوں گے؟

Apr 08, 2024 | 23:08:PM
14 سال بعد فردین خان کی اداکاری کے میدان میں واپسی، کونسی فلم میں جلوہ گر ہوں گے؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) بالی وڈ اداکار فردین خان نے بالآخر 14 سال بعد اداکاری کی دنیا میں واپس قدم رکھ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فردین خان ہیرا منڈی میں ولی محمد کے کردار میں نظر آئیں گے، ہیرا منڈی کو یکم مئی کو نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا، 2010 میں فلم 'دلہا مل گیا ' میں آخری بار نظر آنے والے اداکار فردین خان 14 سال بعد مداحوں کو اداکاری کرتے نظر آئیں گے، فردین خان نے شوبز کی دنیا سے مکمل طور پر کنارا کشی اختیار کرلی تھی اور ساتھ ہی وہ سوشل میڈیا پر بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار بریک اپ ہونے پر کیا کرتے تھے؟ بالی ووڈ اداکار نے خود ہی راز فاش کر دیا

تاہم اب فردین خان بھارت کے مشہور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی اگلی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی، دی ڈائمنڈ بازار’ سے اداکاری کے میدان میں واپسی کررہے ہیں، ویب سیریز ہیرا منڈی پاکستان کے شہر لاہور کے مخصوص علاقے میں کام کرنے والی خواتین پر بنائی گئی ہے اور یہ مہنگا ترین پروجیکٹ ہے۔

ہفتے کو مقبول ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کی جانب سے ہیرا منڈی کا نیا پوسٹر جاری کیا گیا جس میں فردین خان کی پہلی جھلک دکھائی گئی، پوسٹر میں فردین خان ثقافتی شاہی لباس زیب تن کیے،چہرے پر بڑی مونچھوں اور سر پر ٹوپی پہنے بظاہر تخت پر بیٹھے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ ہیرا منڈی میں منیشا کوئیرالا، سوناکشی سنہا، آدیتی راؤ حیدری، رچا چڈھا اور سنجیدہ شیخ بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔