شدیدگرمی اورہیٹ ویو؛پی ڈی ایم اےنےالرٹ جاری کردیا

3 ماہ کے دوران پنجاب میں شدید گرمی اور معمول سے زیادہ بارشیں ہونگی،ہیٹ ویو کا خدشہ

May 07, 2026 | 09:15:AM
شدیدگرمی اورہیٹ ویو؛پی ڈی ایم اےنےالرٹ جاری کردیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک رحمان،علی رامے،عیسیٰ ترین)پی ڈی ایم اے بلوچستان،پنجاب اورخیبرپختونخوانے آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کے حوالے سےالرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کے پی کے مطابق خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں 8 سے 10 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
 پی ڈی ایم اےنے اس حوالے سے مراسلہ بھجوادیاہے جس میں تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات سے متعلق الرٹ جاری کردیاگیاہے،مراسلے کے مطابق ڈی آئی خان،ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنے کا امکان ہے۔پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہری پور اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے،جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کی جانب سے امریکی تجاویز پر آج جواب دیئے جانے کا امکان
پی ڈی ایم نے متعلقہ اداروں کو ہیٹ سٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ یونٹس قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاررہیں،اس کے علاوہ ہسپتالوں میں طبی عملہ اور سہولیات کوبھی فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری طرف پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی موسمی صورتحال کے بارےمیں متعلقہ محکموں کو مراسلہ جاری کر دیاہے جس میں کہاگیاہے کہ 3 ماہ کے دوران پنجاب میں شدید گرمی اور معمول سے زیادہ بارشیں ہونگی،آج سے 11 مئی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہیٹ ویو کا خدشہ بھی ظاہرکیاگیاہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مئی،جون و جولائی میں شدید بارشیں اور درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے،شمالی اور شمال مغربی پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے،پی ڈی ایم اےنے  متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال میں الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مئی،جون اور جولائی میں معمول سے زیادہ بارشیں اور درجہ حرارت متوقع ہے،مشرقی پنجاب میں معمول سے تھوڑی کم بارشیں متوقع ہیں،وسطی پنجاب کے علاقوں میں معمول کی بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیاہے،لوکل گورنمنٹ، محکمہ ماحولیات، محکمہ صحت، جنگلات ٹورازم ٹرانسپورٹ اور محکمہ تعلیم کو اس حوالے سے مراسلہ جاری کیاگیاہے۔کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ،محکمہ پولیس ،واسا اور ریسکیو 1122 کو  بھی مراسلہ جاری کیاگیاہے جس میں کہاگیاہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام محکمے پیشگی انتظامات مکمل کریں ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کاکہناہے کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں،ہیٹ ویو کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں،بچوں اور معمر افراد کو ہر گز دھوپ میں نہ جانے دیں۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم لیوی رپورٹنگ کا نیا نظام متعارف، نوٹیفکیشن جاری

 پی ڈی ایم اے کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں کے لیے بھی ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیاگیاہے جس کے مطابق آج سے 11اپریل تک ہیٹ ویوجاری رہنے کا امکان ہے۔
 پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق ہیٹ ویو کے اثرات سبی ، نصیر آباد ، جعفر آباد ، تربت اور پنجگور میں زیادہ ہوں گے ،ان علاقوں سے متصل دیگر علاقوں میں بھی ہیٹ ویو کی شدت زیادہ ہوگی ،ان علاقوں میں درجہ حرارت زیادہ سے 46سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہاگیاہے کہ لوگ ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، عام عوام خصوصاً بچے، خواتین اور بزرگ زیادہ احتیاط برتیں، کسان اپنی فصلوں کے امور کا انتظام کریں اور مویشیوں کا بھی خیال رکھیں، عام عوام براہِ راست دھوپ میں غیر ضروری طور پر نکلنے سے گریز کریں ، ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے پانی کا استعمال زیادہ کریں۔