سعودی وزیر دفاع سےفیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات،خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو

Mar 07, 2026 | 11:04:AM
 سعودی وزیر دفاع سےفیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات،خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں سعودی وزیر دفاع اور شاہی خاندان کے رکن شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔

اس ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایران کی جانب سے مملکت سعودی عرب کے خلاف حالیہ حملوں کے معاملے پر خصوصی گفتگو ہوئی، جسے دونوں ممالک کے درمیان موجود مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تناظر میں زیر بحث لایا گیا۔

فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں خطے کے امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں اور اس کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کی ضرورت ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایرانی قیادت دانشمندی اور تدبر کا مظاہرہ کرے گی اور ایسے فیصلوں سے گریز کرے گی جو غلط اندازوں یا غیر ضروری تصادم کا باعث بن سکتے ہیں، ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے سفارتی راستوں اور ذمہ دارانہ رویے کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

اس موقع پر سعودی عرب کی جانب سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلی جنس ہشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی موجود تھے  جبکہ پاکستانی وفد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے سیکرٹری میجر جنرل محمد جواد طارق شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بنکر کی تھری ڈی ویڈیو جاری کردی

 یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے کی سیکیورٹی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، اور سعودی عرب اور پاکستان جیسے اہم اتحادی ممالک باہمی مشاورت کے ذریعے امن اور استحکام کے فروغ کے لیے رابطے جاری رکھے ہوے ہیں۔