ایک دن میں دو بڑے ریکارڈ! برطانوی مالی نے سب کو حیران کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)برطانیہ کے ایک شوقیہ مالی نے غیرمعمولی جسامت کا لہسن اور مٹر اُگا کر ایک ہی دن میں دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے علاقے گلوسٹرشائر سے تعلق رکھنے والے گراہم بیریٹ نے 25 جون کو اپنی فصل برکشائر کے وارگریو نرسری پلانٹ سینٹر میں جانچ کے لیے پیش کی۔
پیمائش کے دوران ان کا اُگایا گیا ’ایلیفنٹ گارلک‘ 3 پاؤنڈ 13.7 اونس وزنی اور 7.5 انچ قطر کا پایا گیا، جس پر انہیں دنیا کا سب سے بھاری ایلیفنٹ گارلک اُگانے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ دے دیا گیا۔
مزید پڑھیں:قدیم دور کے امیر لوگوں کی نشانیاں دریافت، سونے کے زیورات نے سب کو چونکا دیا
ایلیفنٹ گارلک عام لہسن کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑا ہوتا ہے اور اس کا حجم مارکیٹ میں دستیاب روایتی لہسن سے کئی گنا زیادہ ہو سکتا ہے۔
گراہم بیریٹ نے اسی روز ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کیا، جب ان کی اُگائی گئی سویڈش نسل کی مٹر کی پھلی کا وزن 0.98 اونس ریکارڈ کیا گیا، جسے دنیا کی سب سے بھاری اسنو پیا قرار دیا گیا۔
اس طرح برطانوی مالی نے اپنی غیرمعمولی کاشتکاری کے ذریعے ایک ہی دن میں گنیز ورلڈ ریکارڈز کی دو نئی کامیابیاں حاصل کر لیں۔