8 سے 10 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان

Feb 07, 2026 | 20:09:PM
 8 سے 10 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عمران اسلم)محکمہ موسمیات نے 8 سے 10 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان ظاہر کر دیا، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش  کی پیشگوئی کی گئی ہے،  9 سے 10 فروری کے دوران فیصل آباد ڈویژن میں بھی گھنے بادلوں سمیت بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گھنے بادلوں سمیت بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے، اس سلسلے میں لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایت کی،عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔ 

انھوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے،شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں، مری میں برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب کریں،دوران سفر فوگ لایٹس کا استعمال کریں،عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل رات سے منگل کے روز تک  گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے، بالائی اضلاع ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، چترال ، دیر اپر و الوئر، سوات بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اپر و لوئر اور کولائی پالس میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور  پہاڈوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے،موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقے ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خدشہ ہے جبکہ بالائی اور برفباری والے علاقوں میں سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد خود کش دھماکا، داعش افغانی ماسٹر مائنڈ سمیت 4 سہولت کار گرفتار