بارشیں برسانے والا نیا سلسلہ آج پاکستان میں داخل ہوگا، محکمہ موسمیات

Dec 07, 2024 | 09:40:AM
بارشیں برسانے والا نیا سلسلہ آج پاکستان میں داخل ہوگا، محکمہ موسمیات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات نے بارشوں کے ایک نئے سلسلے کی نوید سنا دی ہے، جس کے مطابق بارشیں برسانے والا سلسلہ آج پاکستان میں داخل ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ  ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے،بارشوں کےبعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد جبکہ مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ سردی کی نئی لہرلائے گا، ماحولیاتی تبدیلیوں سےبارشوں کا پرانا پیٹرن متاثرہو گا۔اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کی توقع ہے، مری، گلیات، راولپنڈی اور اٹک میں دھند رہنے کا امکان ہے، چکوال، سیالکوٹ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، جہلم، لاہور، سرگودھا، بھکر، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد اور جھنگ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی ماہرین صحت نے پاکستان کو بھارتیوں کیلئے محفوظ قرار دیدیا

ماہرین موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں بارش، گلگت بلتستان میں بارش اوربرفباری کی توقع ہے، کوئٹہ، پشین، ژوب اور چمن میں موسم سرد رہے گا، قلعہ عبداللہ اور گرد و نواح میں سرد ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سکھر، کشمور اور جیکب آبادمیں دُھندرہنے کاامکان ظاہر کیاہے، خیبر پختونخوا کے پہاڑی اضلاع میں آج سے بارش و برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقے چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر اور شانگلہ میں بارش کی توقع ہے، بٹگرام، کوہستان، ایبٹ آباد اور باجوڑ میں بارش اوربرفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مانسہرہ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور کرم میں پہاڑوں پر برف باری ہونے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی جانب سے متعلقہ ادادوں کو اس حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایم ڈی کیٹ امتحانات سے متعلق اہم خبر آگئی

دوسری جانب موسم سرد ہونے سے فضائی آلودگی میں کمی دیکھنے میں آئی،  لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 181ریکارڈ کی گئی ، جس کے بعد  لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا۔

ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق   پاور زون ہیڈ آفس میں آلودگی کی شرح 420،امریکی قونصلیٹ میں 284، یو ایم ٹی 247،سی ای آر پی آفس میں239، عسکری ٹین 235 اور  جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 225ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر لاہور میں آئندہ 24گھنٹوں  کے دوران  بارش کا کوئی امکا ن نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب61 فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔