سابق فاسٹ بولر ظہیر خان نے لنکا پریمیئر لیگ کی فرنچائز خرید لی

Aug 07, 2026 | 12:53:PM
سابق فاسٹ بولر ظہیر خان نے لنکا پریمیئر لیگ کی فرنچائز خرید لی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )بھارت کے سابق فاسٹ بولر ظہیر خان نے کرکٹ کے میدان سے باہر بھی ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے لنکا پریمیئر لیگ (LPL) کی فرنچائز جافنا کنگز کی ملکیت حاصل کر لی ہے۔

اسٹاک ہوم میں قائم اسپورٹس اونرشپ گروپ اینکر اسپورٹس اے بی  ، جس کے شریک مالکان میں ظہیر خان اور کاروباری شخصیت ناگیندر سدوتّم شامل ہیں، نے جافنا کنگز کو خرید لیا ہے،خریداری کے بعد ٹیم کا نیا نام اینکر جافنا کنگز رکھ دیا گیا ہے۔

یہ تبدیلی اس وقت سامنے آئی ہے جب دو ہفتے قبل سابق مالک کمپنی اسپورٹس کمیون کی ملکیت ختم کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد سری لنکا کرکٹ اور لنکا پریمیئر لیگ کے حقوق رکھنے والے ادارے نے عبوری طور پر ٹیم کے معاملات سنبھالے تھے۔

اینکر اسپورٹس کے مطابق جافنا کنگز اب اس کے عالمی ملٹی کلب اسپورٹس نیٹ ورک کا حصہ بن گئی ہے، جس میں بیلجیم کی اینٹورپ اینکرز اور کینیڈا کی سپر 60 لیگ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں:بنگلہ خریدا یا کچھ اور؟ کوہلی اور کشور کمار کے گھرکے درمیان اصل معاہدہ کھل کر سامنے آ گیا!

ظہیر خان نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن کرکٹ کا حصہ بننا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا سے ان کی پرانی یادیں وابستہ ہیں اور وہ اینکر جافنا کنگز کے ساتھ نئی ذمہ داری شروع کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

جافنا کنگز لنکا پریمیئر لیگ کی کامیاب ترین ٹیموں میں شمار ہوتی ہے اور پانچ مکمل سیزنز میں سے چار بار ٹائٹل جیت چکی ہے۔ موجودہ سیزن میں بھی ٹیم نے گروپ مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

ایل پی ایل ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمانتھا دودانویلا نے ظہیر خان کی شمولیت کو لیگ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تجربہ سری لنکا کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔