پنجاب کابینہ کا 29واں اجلاس،سیلاب متاثرین کیلئےحتمی امدادی پیکج کی منظوری
آئینی بل 2025 مسترد ، سول ڈیفنس رضاکاروں کی تنخواہوں میں 15 ہزار روپے ماہانہ اضافے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پنجاب کابینہ کے 29ویں اجلاس میں 171 ایجنڈا نکات کاریکارڈقائم ہوگیاجبکہ صوبائی کابینہ نے سیلاب متاثرین کے لئے حتمی امدادی پیکج کی بھی منظوری دے دی۔
سیلاب متاثرین کو17 اکتوبر سے امدادی رقوم کے چیک کی تقسیم شروع کرنے کی منظوری دیدی گئی،جاں بحق افراد کے لواحقین کودس دس لاکھ، مستقل معذوری پر 5 لاکھ ،معمولی معذوری پر 3 لاکھ روپے،پکا گھرمکمل گرنے پر 10 لاکھ، جزوی طور پر گرنے پر3، کچا گھر مکمل گرنے پر 5 لاکھ اور جزوی طور پر گرنے پر 1.5لاکھ تک امداددی جائے گی،بڑے مویشی پر پانچ لاکھ اور چھوٹے جانوروں کے مرنے پر 50ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔
اجلاس میں سیلاب کے دوران 25فیصد فصل کے نقصان پر 20ہزار فی ایکڑدینے کا اصولی فیصلہ کیاگیا،پنجاب کے 2855 مواضعات میں آبیانہ اور ایگریکلچر انکم ٹیکس معاف کرنے کابھی اصولی فیصلہ کیاگیا،اجلاس میں یہ بھی بتایاگیاکہ سب سیلاب متاثرین کو امداد ملے گی اور دریا کی گزرہ گاہ میں تعمیرات کی اجازت نہیں ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں:صدر آصف علی زرداری کا وزیر داخلہ محسن نقوی کو فون ، فوری کراچی طلب کرلیا
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران خدمات سراانجام دینے والی پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، خواجہ سلمان رفیق، عمران نذیر، کاظم پیرزادہ، رانا سکندرحیات اور صہیب بھرتھ کوخراج تحسین پیش کیا،اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران شاندار خدمات پر سول ڈیفنس رضاکاروں کی تنخواہوں میں 15 ہزار روپے ماہانہ اضافے کا بھی اعلان کیا۔
کابینہ اجلاس میں پنجاب کے خلاف جھوٹ پھیلانے کے ٹرینڈ کی مذمت کی گئی اورسیلاب کے دوران انسان ہی نہیں مویشیوں کی بھی جانیں بچانے کی تحسین کی گئی،سب سے بڑا سیلاب ہونے کے باوجود شرح اموات سب سے کم ہونے پر سراہا گیا۔
مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہاکہ پنجاب میں ایسا تباہ کن سیلاب پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا،نارووال، مظفرگڑھ سمیت پورے کے پورے شہر سیلاب سے متاثر ہوئے،منسٹرز، ڈپٹی کمشنرز،پولیس، ریسکیو، پی ڈی ایم اے اور سول ڈیفنس سمیت سب نے ناقابل بیان محنت کی،کابینہ میں ینگ لوگوں کوموقع دینے کے فیصلے کی درستگی کاپھر احساس ہوا،کابینہ اور وزراء دفتروں میں بیٹھنے کے لئے نہیں عوام کے دکھ میں شریک ہونے کے لئے ہیں۔
مریم نوازشریف نے کہاکہ سیلاب کے دوران ساڑھے 11لاکھ متاثرین کا علاج بہت بڑاریکارڈ ہے،ہم سب پاکستانی ہیں چاروں صوبے برابر اور محترم ہیں،کسی صوبے پر مشکل آئے پنجاب سب کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے،جس طرح دوسروں صوبوں کے لئے ہم دل اور وسائل کے دروازے کھلے رکھتے ہیں اسی طرح دوسروں سے بھی توقع رکھتے ہیں۔
2025سیلاب پر ایس ایم بی آر کی جانب سےتفصیلی بریفنگ دی گئی اوربتایاگیاکہ پنجاب میں 27اضلاع کے 4678مواضع، 2010ایکڑ فصلیں اور4760581 آبادی متاثرہوئی،2640916 افراد اور 2117396 مویشی ریسکیوکئے گئے،417 ریلیف کیمپ قائم کئے گئے تھے ۔
کابینہ نے آئینی بل 2025 مسترد کر دیا،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایل ڈی اے کو بیوٹی پارلرز وغیر ہ پر ٹیکس لگانے سے روکتے ہوئے ممبربورڈکی نامزدگی کے لئے خصوصی ریسرچ کمیٹی بنانے کا حکم،
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے سولر پاور کے بجلی نرخ میں دو روپے فی یونٹ کمی کر دی،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر رینٹ اے کار سروس پر ٹیکس کم کرکے 15فیصد کرنے کا حکم دے دیاگیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ایم بی بی ایس20 ہزار ڈالرکرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے فیس 10ہزار ڈالر مقررکردی،دیگر صوبوں کے ایم بی بی ایس امیدواروں کے لئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنا لازمی قراردے دیاگیا،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سموگ کی آمد سے قبل انتظامات مکمل کرنے اورپنجاب میں ہیلتھ اور ایجوکیشن کا کوئی ایجنڈا نہ روکنے کی ہدایت کردی،پنجاب بھر میں ڈپٹی کمشنرز کو فلٹریشن پلانٹ آپریشنل رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی اورغیرسرکاری اداروں کے زیر انتظام فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور بحالی کی ا جازت بھی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت کا سول ڈیفنس ملازمین کی تنخواہ میں 15 ہزار روپے اضافے کا اعلان
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیراعلیٰ آفس میں سپورٹ سٹاف کی بھرتی کا ایجنڈا مسترد کرتے ہوئے لاہور میں مریم نواز راشن کارڈ پائلٹ پراجیکٹ اورلاہور میں انٹرسٹ فری الیکٹرک ٹیکسی کے منصوبے کی منظوری دیدی،پنجاب بھر میں 8084 کالج ٹیچنگ اورسکول ٹیچنگ انٹرنز بھرتی کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
انرجی ڈیپارٹمنٹ کے ریکنسلی ایشن سیل کے 14 پراجیکٹ بیسڈ ملازمین کے معاہدے کی مدت میں توسیع اورپنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی میں 25 آسامیوں پر بھرتی کے لیے پابندی میں نرمی کی بھی منظوری دی گئی،کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ریجنل ڈائریکٹر کی بھرتی کے لیے پابندی میں نرمی کی منظوری بھی دیدی گئی،ماحولیاتی قوانین کے نفاذ اور فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے پنجاب کے 10 حساس اضلاع میں 444آسامیوں ،پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں 77 آسامیوں ، 379 اضافی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور 872 سول ججز cumجوڈیشل مجسٹریٹس کی نئی آسامیوں کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔
کھیلتا پنجاب کے ایتھلیٹس کے لئے ای بائیکس کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔