پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر حکومت کا انسدادِ پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ
1 کروڑ 90 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف،18 تا 24 مئی خصوصی پولیو مہم کا انعقادکیاجائے ؛این ای او سی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر حکومت نے انسدادِ پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے،پاکستان میں 18 تا 24 مئی خصوصی پولیو مہم کا انعقادکیاجائےگا، نیشنل ای او سی کے مطابق 79 اضلاع میں تقریباً 1 کروڑ 90 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق مئی کی یہ خصوصی مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے تاکہ سرحدی علاقوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے، صوبہ پنجاب کے 10 اضلاع میں 61 لاکھ 90 ہزار، سندھ کے 20 اضلاع میں 57 لاکھ 90 ہزار، خیبر پختونخوا کے 23 اضلاع میں 46 لاکھ 10 ہزار جبکہ بلوچستان کے 25 اضلاع میں 19 لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 4 لاکھ 50 ہزار بچوں کو اس مہم کے تحت کور کیا جائے گا۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ مستقبل فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے، والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، اپنے گھروں کے دروازے پولیو ورکرز کیلئے کھولیں اور اپنے بچوں کو لازمی طور پر پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ ملک سے اس مرض کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : گھر سے نکالنے پر بیوی نے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شوہر کو پھنساکر پولیس کے حوالے کردیا