محسن نقوی کا سملی ڈیم کا دورہ ،مجوزہ توسیعی منصوبے پر بریفنگ دی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سملی ڈیم کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں ڈیم کی توسیع سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سملی ڈیم اسلام آباد کو تقریباً 40 فیصد پانی فراہم کرتا ہے، اور اس کی توسیع سے شہر میں پانی کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، اس موقع پر وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ڈیم کی توسیع کے لیے جلد ایک جامع اور قابلِ عمل منصوبہ تیار کر کے پیش کیا جائے۔
محسن نقوی نے ڈیم کے اطراف کے علاقوں کا بھی جائزہ لیا اور وہاں تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے منصوبہ طلب کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں واٹر اسپورٹس اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جنہیں بروئے کار لا کر نہ صرف علاقائی ترقی ممکن ہے بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف کاآبنائے ہرمز میں پروجیکٹ فریڈم کو روکنے کے اعلان کا خیرمقدم
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت شہریوں کو عالمی معیار کی تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
دورے کے موقع پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین، اسلام آباد پولیس کے آئی جی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔