بیرون ملک میڈیکل کالجز میں داخلے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کیلئے نیا معیار جاری

Mar 06, 2026 | 17:09:PM
بیرون ملک میڈیکل کالجز میں داخلے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کیلئے نیا معیار جاری
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے بیرونِ ملک میڈیکل کالجز میں داخلہ لینے والے پاکستانی طلبہ کیلئے نیا معیار جاری کر دیا ہے۔

کونسل کے مطابق فارن میڈیکل ایجوکیشن حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کیلئے ایف ایس سی پری میڈیکل یا اس کے مساوی امتحان میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان میں منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) امتحان میں کم از کم 50 فیصد نمبر لینا بھی ضروری ہوگا، پی ایم ڈی سی کے اعلامیے کے مطابق بیرونِ ملک میڈیکل اداروں میں داخلہ لینے والے طلبہ کو مقررہ معیار کے مطابق لازمی آن لائن رجسٹریشن بھی کرانا ہوگی۔

آن لائن رجسٹریشن کے بعد طلبہ پاکستان میں بطور ڈاکٹر پریکٹس کرنے کیلئے نیشنل رجسٹریشن امتحان (این آر ای) میں شرکت کے اہل ہوں گے، کونسل کے مطابق یہ شرائط پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کے تحت نیشنل رجسٹریشن امتحان اور عارضی رجسٹریشن کے حصول کیلئے لازمی قرار دی گئی ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ بیرونِ ملک میڈیکل گریجویٹس کیلئے متعلقہ غیر ملکی ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری بھی ضروری ہوگی جبکہ متعلقہ میڈیکل ادارے کا ایجوکیشنل کمیشن فار فارن میڈیکل گریجویٹس سے تسلیم شدہ ہونا بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔

پی ایم ڈی سی نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ بیرونِ ملک داخلہ لینے سے قبل متعلقہ ادارے کی منظوری کی حیثیت ای سی ایف ایم جی کی ویب سائٹ سے ضرور چیک کریں اور مزید معلومات کیلئے کونسل کی ویب سائٹ سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں۔

یہ بھی پڑھیں :کیا پنجاب میں اسکول بند ہورہے ہیں؟ وزیر تعلیم رانا سکندر نے تصدیق کردی