اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کا فوری اجلاس بلانےکیلئےریکوزیشن جمع کرا دی

Jul 06, 2026 | 16:52:PM
اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کا فوری اجلاس بلانےکیلئےریکوزیشن جمع کرا دی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (راودلشاد) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی نے پنجاب اسمبلی کا فوری اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرا دی۔

اسمبلی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن اپوزیشن لیڈر معین الدین ریاض، شیخ امتیاز، رانا شہباز اور فرخ جاوید مون نے جمع کروائی۔

ریکوزیشن میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، خواتین خصوصاً غیر ملکی خاتون کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک ریپ واقعے، جیل اصلاحات، سیاسی کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک، پی ٹی آئی قیادت کی صحت اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جیل میں حالت اور علاج معالجے کے معاملے پر پنجاب اسمبلی کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ریکوزیشن کے مطابق پنجاب میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم، ریپ، ہراسگی، اغوا، قتل، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم نے عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے، جبکہ صوبائی حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔

اپوزیشن لیڈر معین الدین ریاض نے کہا کہ حالیہ غیر ملکی خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے نے نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں کی حالت فوری توجہ کی متقاضی ہے جہاں قیدیوں کو بنیادی سہولیات، مناسب طبی سہولتوں اور انسانی وقار کے مطابق ماحول میسر نہیں۔

اپوزیشن لیڈر کے مطابق سیاسی کارکنوں، بالخصوص خواتین کارکنوں، کے ساتھ جیلوں میں ناروا سلوک، طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات نہایت تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، جیل میں ان کے ساتھ برتاؤ، اہل خانہ سے ملاقات، ذاتی معالجین تک رسائی اور علاج معالجے کا معاملہ بھی سنگین عوامی اہمیت کا مسئلہ ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو قانون، جیل رولز، عدالتی احکامات اور بنیادی انسانی حقوق کے مطابق سہولیات اور علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جیل سے رہائی کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی پراسرار اموات، مبینہ تشدد، ذہنی و جسمانی دباؤ اور حراست کے دوران ناروا سلوک کے الزامات پر مکمل اور آزادانہ تحقیقات کی جائیں۔

ریکوزیشن میں کہا گیا ہے کہ ان تمام معاملات پر ایوان کا فوری اجلاس ناگزیر ہے تاکہ پنجاب اسمبلی عوامی مسائل پر اپنا آئینی کردار ادا کرے، حکومت سے جواب طلبی ہو، ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:  حکومت مالک کی مرضی کے بغیر بھی جائیداد زبردستی لے سکتی ہے؛سپریم کورٹ