20 سے زائد اعزازات حاصل کرنے والے معروف اداکار دنیا چھوڑ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)جنوبی کوریا کے ممتاز فلمی اداکار ’آہن سنگ-کی‘ جنہیں ’قوم کا اداکار‘ کہا جاتا تھا 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
غیرملکی ایجنسی کے مطابق اداکار طویل عرصے سے خون کے کینسر میں مبتلا تھے،ان کی وفات سے جنوبی کوریا کی فلمی صنعت ایک عہد ساز فنکار سے محروم ہو گئی ہے جبکہ مداح اور ساتھی فنکار ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔
آہن سنگ-کی کو ایک عاجز، قابلِ اعتماد اور خاندانی اقدار کا حامل فنکار سمجھا جاتا تھا، وہ اسکینڈلز سے دور رہے اور ایک سادہ و باوقار ذاتی زندگی گزاری، عوامی سرویز میں انہیں بارہا جنوبی کوریا کا سب سے محبوب اداکار قرار دیا گیا جس کی بنا پر وہ ’قوم کا اداکار‘ کہلائے۔
1952 میں جنوبی کوریا کے شہر ڈےگو میں ایک فلم ساز کے گھر پیدا ہونے والے آہن سنگ-کی نے محض پانچ برس کی عمر میں 1957 کی فلم ’دی ٹوائلائٹ ٹرین‘ کے ذریعے بطور چائلڈ ایکٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے بطور کم عمر اداکار تقریباً 70 فلموں میں کام کیا جس کے بعد فلمی دنیا کو خیرباد کہہ کر ایک عام زندگی اختیار کرلی۔
1977 میں آہن سنگ-کی نے دوبارہ فلمی دنیا میں واپسی کا فیصلہ کیا اور 1980 میں فلم ’گُڈ، ونڈی ڈیز‘ میں مرکزی کردار نے انہیں غیر معمولی شہرت دلائی،اس فلم پر انہیں گرینڈ بیل ایوارڈز میں بہترین نئے اداکار کا اعزاز ملا، جو جنوبی کوریا میں سب سے معتبر فلمی ایوارڈز میں شمار ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کولمبیا کے صدر کا ٹرمپ کی دھمکیوں پر قسم توڑنے اور ہتھیار اٹھانے کا اعلان
بعد ازاں آہن سنگ-کی نے 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کی اور ملک کے مقبول ترین اداکاروں میں شامل ہو گئے،ان کے یادگار کرداروں میں ’مندارا‘، ’وہیل ہنٹنگ‘، ’وائٹ بیج‘، ’ٹو کاپس‘، ’نو وئیر ٹو ہائیڈ‘، ’سِلمیدو‘ اور ’ریڈیو اسٹار‘ شامل ہیں۔
اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے جنوبی کوریا کے بڑے فلمی ایوارڈز میں 20 سے زائد اعزازات حاصل کیے جن میں گرینڈ بیل ایوارڈز میں پانچ مرتبہ بہترین اداکار کا ایوارڈ شامل ہے، یہ ریکارڈ اب تک کوئی اور اداکار قائم نہیں کر سکا۔