امریکا اور ترکیہ سمیت دیگر ممالک کی اسلام آباد میں دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انورعباس)امریکا، ترکی اور فرانس سمیت دیگر ممالک نے اسلام آباد میں دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
قائم مقام امریکی سفیر و ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، اس کے نتیجے میں بے گناہ نمازی جاں بحق اور زخمی ہوئے، امریکہ اس واقعے سمیت ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کی مذمت کرتا ہے،امریکہ کی جانب سے میں اس حملے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ اور عزیزو اقارب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔
امریکی ناظم الامورنے کہاکہ شہریوں اور عبادت گاہوں کے خلاف دہشت گردی اور انہیں نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، پاکستانی عوام حفاظت اور وقار کے ساتھ ، خوف کے بغیر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے حقدار ہیں، امریکہ امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے ہے۔
نیٹلی بیکر کاکہناتھا کہ امریکہ پاکستان میں استحکام کے لیے اپنی شراکت داری پر قائم ہے،ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ترجمان فرانسیسی سفارت خانہ کا اپنے بیان میں کہناتھا کہ ہم اسلام آباد میں ہونے والے مہلک حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس کے نتیجے میں کئی بے گناہ جانیں ضائع ہوئیں، ہم متاثرین کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا کرتے ہیں، ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ ترجمان کا مزید کہناتھا کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے، میں اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے اس بھیانک اور قابلِ نفرت دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، اس قابلِ نفرت دہشت گرد حملے کے نتیجے میں درجنوں معصوم شہری شہید اور زخمی ہوئے، میں پاکستانی حکومت اور عوام بالخصوص سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور گہرے تعزیتی کلمات کا اظہار کرتا ہوں، ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اُن خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔
رضا امیری مقدم کاکہناتھا کہ ہم زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی بے پایاں رحمتوں سے نوازے، اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔
ترکیہ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم اس گھناؤنے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت کے طلبگار ہیں،ہم متاترین کے اہلِ خانہ نیز پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان کاکہناتھا کہ ترکی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
نارویجین وزارت خارجہ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہےکہ ہم اس حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے اہلِ خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، ہم زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی آنکھ کے علاج کی رپورٹ اہلخانہ کو موصول، تفصیلات سامنے آ گئیں