میرے خلاف 9مئی کیسز سے متعلق پولیس پردباؤ ڈالنے والے باز رہیں؛وزیراعلیٰ سہیل آفریدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہاہے کہ میرے خلاف نو مئی کے کیسز سے متعلق پولیس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے،جو سیاسی مقاصد کیلئے پولیس پر دباؤ ڈال رہے ہیں وہ اس سے بازرہیں، خیبر پختونخوا پولیس کو غیر سیاسی رہنے دیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے پولیس لائنز پشاور میں پولیس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ ہم عمران خان کے وژن کے مطابق اپنی پولیس کو مضبوط بنا رہے ہیں،دو دہائیوں سے خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف صف اول میں ہے، مزید قربانی سے کبھی دریغ نہیں کیا،خیبرپختونخوا حکومت اپنی پولیس کے ساتھ کھڑی ہے، تمام ضروریات ہنگامی بنیادوں پر پوری کی جا رہی ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ جب سے حکومت سنبھالی ہے سی ٹی ڈی کو 7.7 ارب روپے دیئے،سپیشل برانچ کیلئے7.2 ارب روپے کا پیکج منظور کیا،صوبے میں سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو مضبوط بنایا جا رہا ہے، مزید بھرتیاں اور انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کاکہناتھا کہ ضم اضلاع میں سیکورٹی انفراسٹرکچر اور پولیس کی استعداد میں اضافے کیلئے6.5 ارب روپے جاری کئے،سیف سیٹیز منصوبے کیلئے3.8 ارب روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری دی ہے،سیف سٹیز منصوبے کو پشاور کے ساتھ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور ضم اضلاع تک توسیع دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہاکہ بہت جلد صوبے کو دہشتگردی کے ناسور سے پاک کر لیں گے،ہم نے بانی تحریک انصاف کے وژن کے مطابق پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک رکھا ہے،میرے خلاف نو مئی کے کیسز سے متعلق پولیس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے،جو سیاسی مقاصد کیلئے پولیس پر دباؤ ڈال رہے ہیں وہ اس سے بازرہیں، خیبر پختونخوا پولیس کو غیر سیاسی رہنے دیں۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں جرگہ ہواجس میں متفقہ موقف اختیار کیا گیا کہ ملٹری آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں،دہشت گردی کے خلاف سیاسی و مذہبی جماعتوں، قبائلی مشران کو اعتماد میں لیکر ایک جامع اور لانگ ٹرم پالیسی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہاکہ 8 فروری عوامی فیصلے کی توہین کا دن ہے، مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر 17 سیٹوں والوں کو حکومت میں بٹھایا گیا، سوال کرنا ہمارا حق ہے،بلوچستان میں حملوں کی مذمت کرتے ہیں ،ہم غمزدہ بھی ہیں اور ہمدردی کا اظہار بھی کرتے ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی آنکھ کے علاج کی رپورٹ اہلخانہ کو موصول تفصیلات سامنے آ گئیں