لاکھوں پتنگ باز چھتوں پر، لاکھوں "لٹیرے" سڑکوں پر؛ لاہور میں بسنت کے پہلے دن سیفٹی اور سکیورٹی کی مثالی صورتحال

Feb 06, 2026 | 18:43:PM
لاہور سیف سٹی، مریم اورنگ زیب، لاہور میں سیفٹی اور سکیورٹی کی صورتحال، 519 مفت بسیں، چھ ہزار مفت رکشے، بسنت کا پہلا دن ، Lahore Safe City, Maryam Orangzeb, Safety and Security Situation in Lahore, 519 Free Buses, 6,000 Free Rickshaws, First Day of Basant
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) لاہور میں بسنت کے پہلے روز لاکھوں لوگ گھروں، دوکانوں، دفاتر اور پلازوں کی چھتوں پر پتنگ اڑا رہے ہیں اور لاکھوں ہی لوگ سڑکوں پر کٹی پتنگیں لوٹنے کے لئے بھاگتے پھر رہے ہیں۔ دن ڈھلنے تک شہر میں سیفٹی اور سکیورٹی کی صورتحال بہترین رہی۔  بسنت کے دوران سیفٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سینئیر وزیر مریم اورنگ زیب خود سیف سٹی ہیڈکوارٹرز  پہنچ گئیں۔ 

 مریم اورنگزیب نے سیف سٹی ہیڈکوارٹز میں آج دن بھر کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی اور خود شہر کے ریڈ زون کی سکرینوں کا معائنہ کیا۔ بسنت کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیا ۔

مریم اورنگ زیب نے بسنت کے پہلے روز  سخت نگرانی کے انتظامات  پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو لاہور میں بسنت کے تین دنوں کے دوران ٹریفک، شہر میں آمد و رفت اور نگرانی کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی ۔ 

بسنت کے تین دن کے دوران 519 بسیں شہریوں کو مفت آمد و رفت کی سہولت دیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سپیڈو، ریڈ، گرین، الیکٹرو اور ہائر ایجوکیشن کی بسیں  شہریوں کی مکمل مفت سفر کی خدمت فراہم کر رہی ہیں اور بسوں کی آمد کا وقفہ بھی کم سے کم رکھا گیا ہے۔ 

شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت دینے کے لیے  یینگو ایپ  YANGO سے آپریٹ کرنے والے چھ ہزار رکشے بھی مفت سروس مہیا کر رہے ہیں۔

چھ ہزار رکشوں کی مفت سروس سے آج کل اور پرسوں  تین دن تک روزانہ 6 لاکھ افراد محفوظ اور آسان سفر کر سکتے ہیں۔

بسنت کے  پہلے دن کے آغاز تک شہر میں 14 لاکھ موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈ لگ چکے ہیں۔

مریم اورنگ زیب کو سیف سٹی حکام نے بتایا کہ  شہر میں سیفٹی کے ساتھ سکیورٹی کو بھی یقینی بنائے رکھنےکے لئے  510 ناکے لگائے گئے ہیں۔  تمام  شہر میں حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔

 مریم اورنگزیب نے اس امر پر اطمنان کا اظہار کیا کہ سیف سٹی  کیمروں کے ساتھ نگرانی کرنے والے ڈرون بھی مسلسل اڑائے جا رہے ہیں۔ یہ سب انتظامات  بسنت کو محفوظ بنانے میں  بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔

مریم اورنگ زیب نے کہا، وزیراعلی مریم نواز شریف نے قانون اور بسنت کے ضابطوں کی خلاف ورزی کی فوری اطلاع اور قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 بسنت کے تین دنوں کے دوران کسی بھی ایمرجنسی کو ہینڈل کرنے کے لئے 200 کلینک آن ویلز  ہمہ وقت تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:   دوسرے شہروں سے بسنت منانے کیلئے لاہور آنیوالوں کا شدید رش، پروازیں فل