زندہ دلوں کے شہر لاہور میں چوتھائی صدی کے تعطل کے بعد بسنت واپس آ گئی، عظمیٰ بخاری نے افتتاح کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) لاہور میں بسنت فیسٹیول کا آغاز ہو گیا۔ لاکھوں شہری اس وقت گھروں اور عمارتوں کی چھتوں پر گڈی اڑا رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے خود دہلی گیٹ اندرون لاہور کی ایک چھت پر پتنگ بازی کے تین روزہ فیسٹیول بسنت کا افتتاح کیا، چیف منسٹر مریم نواز نے بسنت کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے لبرٹی کا وزٹ کیا۔ پنجاب کے سیکرٹری ثقافت کی گڈی آرانے کے کچھ ہی دیر بعد کٹ گئی۔
زندہ دلوں کے شہر لاہور میں چوتھائی صدی کے تعطل کے بعد بسنت واپس آ گئی۔
لاہوریئے بسنت کی واپسی کی خوشی میں دیوانہ وار چھتوں پر امنڈ آئے۔ اندرون شہر اور شہر بھر میں بسنت کے رسمی آغاز سے پہلے ہی پتنگ باز گھروں اور دوسری عمارتوں کی چھتوں پر تیاریاں کرنے لگے تھے۔ بارہ بجتے ہی اندرون شہر دہلی گیٹ کے ایک محلے میں وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پتنگ بازی کے اس روایتی تہوار کا رسمی آغاز کیا۔ عظمیٰ بخاری نے خود بھی پتنگ اڑائی۔ اس سے پہلے انہوں نے ایک گڈے کو کنی دے کر بسنت کا افتتاح کیا۔
عظمی بخاری کے ساتھ ان کی وزارت کے سیکرٹری بھی موجود تھے، انہوں نے جو پتنگ اڑائی، عظمیٰ بخاری نے ایک نیوز چینل کے اینکر کو بتایا کہ وہ کچھ ہی دیر میں کٹ گئی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا، "میری وزارت کے سیکرٹری کی گڈی تو کٹ گئی۔"

شہر لاہور میں تین روزہ بسنت میلے کا آغاز ہوتے ہی زندہ دلان لاہور کی بڑی تعداد چھتوں پہ امڈ آئی۔ سالہا سال انتظار کے بعد آسمان پر رنگ برنگی پتنگوں، گڈوں اور گڈیوں کی بہار آ گئی۔ اندھیرے کم کرنے کے لئے چھتوں پر بڑے اہتمام کے ساتھ فلڈ لائٹس لگائی گئی ہیں۔
چیف منسٹر مریم نواز بسنت نائٹ پر سیفٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے جمعرات کی شام لاہور کی سڑکوں پر نکل آئیں۔ سی ایم مریم نواز شریف نے لبرٹی اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سڑکوں پر موجود موٹر سائیکل سواروں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔
انہوں نے سیفٹی راڈ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والے ایک لڑکے کو روک کر کہا کہ سیفٹی راڈ ان کی حفاظت کے لئے ہے، اسے ضرور استعمال کریں۔
مریم نواز شریف بسنت کے کامیاب انتظامات پر مطمئین نطر آئیں اور اپنی حکومت کے دوران بسنت کی لاہور میں واپسی پر خوش نظر آئیں۔
یہ بھی پڑھیں : آئندہ سال پورے پنجاب میں بسنت ہو گی