مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)مسلح افواج کے سربراہان اور افواج پاکستان کی جانب سے 60ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف، اور سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہداء اور ان کے اہلخانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پیغام میں کہا گیا کہ 6 ستمبر 1965 پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم اور غیر متزلزل جذبے کا مظہر ہے،اس تاریخی دن ہمارے بہادر سپاہی قوم کی حمایت سے جارحیت کے خلاف ایک ناقابل تسخیر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے رہے۔
مسلح افواج کے جوانوں نے اسلحے اور تعداد میں بہت برتر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا،بہادری اور قربانی کے کارناموں نے ثابت کیا کہ ایک متحد قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی، ہمارے ہیروز کی ہمت اور بہادری آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
پاک فوج کی قیادت کی جانب سے کہا گیا کہ شہداء کی بہادری کی داستانیں اور میراث ہمیشہ زندہ رہے گی،آج قوم اپنے شہداء، غازیوں اور ان کے بہادر خاندانوں کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتی ہے ، ان شہداء نے اس عظیم ملک کی سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔
پیغام میں کہا گیا کہ بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف ثابت قدم رہنے والی افواج پاکستان نے ہمیشہ قدرتی آفات میں بھی پاکستانی عوام کا ساتھ دیا ہے، مسلح افواج پاکستان بھر میں جاری سیلاب کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی،مسلح افواج یوم دفاع و شہدا انتہائی سادگی کے ساتھ منائے گی۔
پاک فوج کی قیادت کی جانب سے کہا گیا کہ ہم قوم کی طرف سے ہمیں سونپی گئی مقدس ذمہ داری کو نبھانے کے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں،پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں،محنت سے حاصل کردہ امن کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام اور طاقت عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں: