گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ

فیڈ ملز پر 30 یوم کیلئے گندم کے استعمال پر پابندی عائد،پابندی کا اطلاق جمعہ 3 اکتوبر تک ہوگا

Sep 05, 2025 | 10:00:AM
گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( قیصر کھوکھر )انسانی استعمال کے لئے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکومت پنجاب نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب میں دفعہ 144 نافذکردی۔
حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کی فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے،دفعہ 144 کا نفاذ گندم، آٹے اور روٹی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کیا گیاہے۔
سیکرٹری داخلہ کے حکم نامے کے مطابق گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کیلئے استعمال ہو گی،حکومت پنجاب نے یہ اہم فیصلہ صوبے میں گندم کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیشِ نظر کیاہے۔
پنجاب میں فیڈ ملز کے پاس 1 لاکھ 4 ہزار 184 میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے،سیکرٹری پرائس کنٹرول کی رپورٹ کے مطابق فیڈ ملز گندم کو مرغیوں کے دانے کیلئے استعمال کرنے والی تھیں،گندم انسانوں کی بنیادی خوراک ہے جسے آٹے کی تیاری میں استعمال ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:چین سے روابط پرامریکا نے وسطی امریکی ممالک پر ویزا پابندیاں لگادیں
پنجاب میں فیڈ ملز پر 30 یوم کیلئے گندم کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے،سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت پابندی لگائی ہے،محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق جمعہ 3 اکتوبر تک ہوگا،عوام الناس کی آگاہی کیلئے حکمنامے کی سرکاری گزٹ، اخبارات اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھرپور تشہیرکی جائے گی۔