کشمیر جلد عوام کی امنگوں اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا؛فیلڈ مارشل عاصم منیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو دبا نہیں سکیں، کشمیر جلد عوام کی امنگوں اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامپ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفر آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگارِ شہدائے کشمیر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی،مظفر آباد آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت، جرات و قربانیوں کو سلام پیش کیا،انہوں نے معززین اور سابق فوجیوں سے ملاقات کی اور کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیان کے مطابق فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو دبا نہیں سکیں، کشمیر جلد عوام کی امنگوں اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا،پاکستان ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرتا رہے گا، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل تک جدوجہد جاری رہے گی۔
فیلڈ مارشل نے کشمیر میں تعینات افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور جنگی تیاریوں کی تعریف کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکاکہنا تھا کہ ہر محاذ پر مکمل آپریشنل تیاری، چوکسی اور ہم آہنگی برقرار رکھی جائے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اگلے مورچے کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے فرنٹ لائنز پر جوانوں سے ملاقات کی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا،مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کو شاندار فضائی سلامی