واٹس ایپ پر بروقت جواب نہ دینے پر 1000 روپے جرمانہ، جھنگ کے کالج کی نئی پالیسی کیا ہے؟

Nov 04, 2025 | 21:21:PM
واٹس ایپ پر بروقت جواب نہ دینے پر 1000 روپے جرمانہ، جھنگ کے کالج کی نئی پالیسی کیا ہے؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پنجاب کے ضلع جھنگ میں ایک سرکاری فنی تربیتی ادارے نے عملے کو بروقت جواب دینے کا پابند بنانے کے لیے منفرد پالیسی متعارف کرائی ہے۔
گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ احمد پور سیال کے پرنسپل نے نوٹس جاری کیا ہے جس کے تحت سرکاری واٹس ایپ پیغامات کا بروقت جواب نہ دینے والے ملازمین پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا جو ملازم کی تنخواہ سے کاٹا جائے گا،یہ سرکاری نوٹس ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ احمدپور سیال کے پرنسپل جاوید چوہدری کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
جاوید چوہدری کے مطابق اس نوٹس کا مقصد سٹاف کے درمیان مؤثر اور بروقت رابطے کو یقینی بنانا ہے اور عملے کو متحرک کرنا ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ کے واٹس ایپ گروپ میں بھیجے گیے سرکاری پیغام یا درخواست کا جواب اسی وقت یا مقررہ وقت کے اندر دینا ضروری ہے اور اگر پیغام میں کوئی کام، معلومات، دستاویز، حاضری کی تصدیق یا کسی ذمہ داری کی تکمیل شامل ہو تو متعلقہ عملہ بروقت جواب دے یا تکمیل کا وقت بتائے بصورت دیگر جواب نہ دینے کی پاداش میں جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پاکستان بھر میں فنی تعلیم فراہم کرنے کے ذمہ دار سرکاری ادارے ہیں جہاں نوجوانوں کو مختلف ٹریڈز اور دیگر پیشہ ورانہ مہارتوں میں تربیت دی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ساری دنیا ڈیجیٹل ہوگئی ہے اور یہ ایک واٹس ایپ کا جواب نہیں دیتے تو ایسی صورت میں کام کیسے ہوگا؟ ہم سے اوپر والے جواب مانگتے ہیں اور ہم یہاں اپنے ماتحت کو فون کر کے بتا رہے ہوتے ہیں کہ واٹس ایپ پر میسج کیا ہے وہ دیکھ لیں۔ اگر واٹس ایپ میسج کے لیے بھی کال کرنی پڑے تو کیا یہ پالیسی نہیں ہونی چاہیے؟‘
ان کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے پہلے بھی اپنے سٹاف کو بہت سمجھایا ہے لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا۔ اب ماضی کی خط و کتابت والا دور گزر گیا ہے۔ فوری میسج آتا ہے اور فوری کام کرنا ہوتا ہے،ان سب کو بارہا سمجھایا ہے مگر کوئی جواب نہیں آیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس پالیسی کی تشکیل کو چند روز ہی گزرے ہیں لیکن مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور پورا سٹاف اپنا کام کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :  پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا، اہم رہنماؤں نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی