فلک جاوید کی بعدازگرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت 11مئی تک ملتوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(جمال الدین جمالی)انسداد دہشتگردی عدالت نے اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمہ میں فلک جاوید کی بعدازگرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت 11مئی تک ملتوی کردی ۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمہ میں صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی،انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی ، فلک جاوید نے جیل سے وکیل کی وساطت سے درخواست ضمانت دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ تفتیش مکمل ہو گئی ہے ملزمہ کو ضمانت پر رہائی دی جائے ،ملزمہ فلک جاوید اس مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے ۔
سرکاری وکیل نے کہاکہ ملزمہ اسلام آباد پولیس کے افسران پر زمان پارک میں حملہ میں ملوث ہے ،ملزمہ سے پیٹرول بم برآمد ہوا،اسلام آباد پولیس طلبی سمن کی تعمیل کیلئے بانی پی ٹی آئی کی رہائش گاہ آئی تھی ،مشتعل کارکنان نے پیٹرول بم پھینکے اور پولیس افسران کو زخمی کیا۔
پراسکیوشن نے مقدمہ کا ریکارڈ پیش کرنے کیلئے مہلت طلب کی،عدالت نے فلک جاوید کی ضمانت پر سماعت 11 مئی تک ملتوی کر دی۔
یادرہے کہ پولیس پر حملہ کا تھانہ ریس کورس میں مقدمہ نمبر 410/23 درج ہے۔
یہ بھی پڑھیں:میٹرک سالانہ امتحانات 2025 ;پنجاب بھر میں کتنے لاکھ طلبا فیل ہوئے؟تفصیلی رپورٹ جاری