ہیلمٹ نہیں تو موٹرسائیکل بھی نہیں، پنجاب بھر میں نئی پابندی کانفاذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(علی ساہی) پنجاب میں ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے صوبہ بھر میں ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، نئی ہدایات کے تحت ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کا نہ صرف چالان کیا جائے گا بلکہ ان کی موٹرسائیکل ایک دن کے لیے بند بھی کر دی جائے گی، ہیلمٹ کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے کے لیے آج سے باقاعدہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا،اس کے ساتھ ساتھ لائن لین کی پابندی نہ کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق گزشتہ ماہ 20 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں لائن لین کی خلاف ورزی پر بند کی گئیں،یہ تمام اقدامات شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، شہری سڑکوں پر لین لائن کی پابندی کریں اور ہر صورت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیا ڈیجیٹل چالان سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہےجس کے تحت اب ہر ٹریفک چالان مکمل شواہد کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے شہریوں کے چالان جاری کرے گی، جبکہ ہر چالان کے ساتھ موقع پر لی گئی ویڈیو اور تصاویر بطور ثبوت محفوظ کی جائیں گی، شہریوں کو ٹریفک چالان کی ادائیگی کے لیے 8070 سے الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں ٹریفک خلاف ورزی کے شواہد کا لنک بھی موجود ہوگا، شہری ایس ایم ایس میں موجود لنک کھول کر اپنی ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو اور تصاویر سمیت مکمل ثبوت دیکھ سکیں گے، جس سے چالان کے عمل میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام تک رسائی مزید آسان ہوگئی
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں نیا نظام ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، شفاف چالان اور شہریوں کو قابلِ تصدیق شواہد فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی، اس مقصد کے لیے صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کے تمام اہلکاروں کو ٹریفک ون ایپ فراہم کر دی گئی تھی، جس کے ذریعے موقع پر ہی ای چالان کی تصدیق اور واجبات کی وصولی ممکن ہوگی۔