اسلام آباد کی عدالت نے فواد چودھری کو فراڈ کیس سے بری کر دیا

Feb 04, 2026 | 21:20:PM
اسلام آباد کی عدالت نے فواد چودھری کو فراڈ کیس سے بری کر دیا
کیپشن: فوادچودھری، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے خلاف فراڈ کیس کی سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا۔

کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے کی، فواد چودھری عدالت میں اپنے وکلا شمس اقبال ایڈووکیٹ اورقمرعنایت راجہ ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران شکایت کنندہ ملک محمد ظہیرعدالت میں موجود تھے تاہم ان کے وکیل فرحان منظورعدالت میں پیش نہیں ہوئے، فواد چودھری کے وکلا کی جانب سے بریت کی درخواست پر تفصیلی دلائل دیئے گئے۔

شمس اقبال ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ فواد چودھری کے خلاف دائر مقدمے میں کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں اور استغاثہ اپنا الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔

وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ شکایت کنندہ کی جانب سے کیس میں عدم دلچسپی بھی واضح ہے جومقدمے کی کمزوری کو ظاہرکرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت قانون کی محافظ ہے اوراس کی ذمہ داری ہے کہ وہ دستیاب شواہد اور ریکارڈ کی بنیاد پر منصفانہ فیصلہ کرے، وکیل نے استدعا کی کہ ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے فواد چودھری کو کیس سے بری کیا جائے۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فواد چودھری کی بریت کی درخواست نمٹا دی اورفیصلہ سناتے ہوئے انہیں فراڈ کیس سے بری کردیا۔

یاد رہے کہ فواد چودھری کے خلاف فراڈ کا مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:6 اور 7 فروری کی چھٹی کے بعدحکومت نے ایک اور تعطیل کا اعلان کردیا