روس میں ایسٹرن اکنامک فورم 2026 کا انعقاد،پاکستان کی بھرپور اور فعال شرکت

Sep 03, 2026 | 21:01:PM
روس میں ایسٹرن اکنامک فورم 2026 کا انعقاد،پاکستان کی بھرپور اور فعال شرکت
کیپشن: ایسٹرن اکنامک فورم 2026؛روس اور پاکستان کے درمیان معیشت،تجارت اور علاقائی رابطہ کاری میں تعاون کے نئے افق
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی )روس کے ساحلی شہر ولادی ووستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم (EEF) 2026 کا انعقاد کیا گیاجس میں پاکستان نے بھرپور اور فعال شرکت کی۔

یہ فورم پاکستان اور روس کے درمیان باہمی تعلقات اور کثیرالجہتی تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک انتہائی اہم پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔

 پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روس کے مشرق بعید (Far East) کے ساتھ مختلف اور نئے شعبوں بالخصوص تخلیقی معیشت میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان اور روس کے درمیان فلم، فیشن،دستکاری اور جواہرات (Gems & Jewelry) کے شعبوں میں شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی کا کہنا تھا کہ روس میں پاکستانی فنکاروں، فلم سازوں اور ڈیزائنرز کی پذیرائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے  جو اس بات کی دلیل ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات پر بات کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ڈائریکٹ کنیکٹیویٹی اور میڈیا کے شعبوں میں مضبوط تعاون کی بنیاد پہلے سے موجود ہے۔

انہوں نے علاقائی رابطہ کاری کے حوالے سے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کو مرکزی نقطہ قرار دیا اور کہا کہ یہ بندرگاہیں روس کے مشرق بعید، پاکستان اور ایشیا کی وسیع منڈیوں کو آپس میں جوڑنے اور تجارتی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔

ایسٹرن اکنامک فورم 2026 کے پلینری اجلاس سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی خطاب کیا، اپنے خطاب میں صدر پیوٹن نے روس کے مشرق بعید میں پائیدار اقتصادی ترقی اور خطے میں بین الاقوامی اقتصادی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس فورم میں پاکستان کی مؤثر شرکت نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی، ثقافتی اور تجارتی تعاون کے نئے راستے کھول دیے ہیں۔